قائد اعظم کے بعدعمران خان جیسا مقبول لیڈر پاکستان میں پیدا نہیں ہوا: پرویز الٰہی
لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے قا ئداعظم کے بعد عمران خان جیسا مقبول لیڈر پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا، قائداعظم کے بعد اگر کسی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں تو وہ عمران خان ہے، جب بھی قوم کو اور فوج کوضرورت پڑی سب سے پہلے عمران خان اور میں نے بیان دیا ہم اپنی فوج کیساتھ کھڑے ہیں، ہماری فوج نے شہادتیں دے کر فتح حاصل کی، پوری قوم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ن لیگ والے عوام کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہے ہیں اب عوام بیدار اور باشعور ہو گئے ہیں، ن لیگ والے کہتے ہیں جنگ کا ڈیز ا ئن میاں صاحب نے بیٹھ کر بنایا ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا پاکستان کیلئے اور اس قوم کیلئے جیل میں بیٹھا ہوا شخص عمران خان سب سے زیادہ مقبول لیڈر ہے، ہم سب اس قوم اور ملک کیلئے اکٹھے ہیں، اس قوم کیلئے جو بہتر ہے ادارے بھی اس کیساتھ ہونگے، اکیلے اکیلے سب کچھ کر کے دیکھ لیا ہے لیکن بات نہیں بنی۔ قبل ازیں گجرات میں نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویزالٰہی نے کہااسرائیل کی فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و زیادتی کا تمام بڑے ممالک کو نوٹس لینا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا افواج پاکستان نے جس دلیری کیساتھ بھارت کیساتھ جنگ میں مقابلہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے پاکستانی فضائیہ نے بھارت پر جنگی برتری ثابت کر دی ہے، بھارت کی حد تک تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی پارٹیا ں اور ادارے تمام تر سیاسی اختلافات کے باوجود ایک پیج پر ہیں، پاکستانی فضائیہ نے اپنی جنگی مہارت اور جانبازی سے ستمبر 1965ء کی یاد تازہ کر دی، نریندر مودی جنوبی ایشیاء کے امن و سکون کیلئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں، نریندر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ اور جنگی جنون برصغیر کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ بھارت اپنی شکست کا تاثر ختم کرنے کیلئے کوئی نیا ایڈونچر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کا فوری اور منصفانہ حل پائیدار عالمی امن کیلئے بھی ضروری ہو چکا ہے، امریکی صدر ٹرمپ اگر مسئلہ کشمیر کرا سکتے ہیں تو ضرور کروائیں کیونکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی ماحول ختم نہیں ہو گا، پاکستان کی زراعت اور خوشحالی سندھ طاس معاہدے سے جڑے ہوئے ہیں، سندھ طاس معاہدے کومعطل کرنا پاکستان کو زرعی طور پر تباہ کرنے کی سازش ہے، سندھ طاس معاہدہ کی بحالی تک یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے۔
پرویزالٰہی