وفاقی بجٹ آج، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی توقع

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی توقع ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام پانچ بجے ہوگا، اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا، اجلاس کا ایجنڈا چار نکات پر مشتمل ہے۔
تلاوت، حدیث، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ ایجنڈے کا پہلا حصہ ہے، قومی ترانے کے بعد سپیکر کی اجازت سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 2025-26 پیش کریں گے۔
وزیر خزانہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اجازت سے محاصل سمیت دیگر دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کریں گے، وزیر خزانہ مالیاتی بل 2025 بھی قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔
آج تقریباً 17600 ارب روپے(176 کھرب) حجم کا وفاقی بجٹ 2025,26 پیش کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کیلئے مجموعی آمدن کا تخمینہ 19 ہزار 400 ارب مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے 4 تجاویز ہیں،گریڈ 1 سے 16 تک ملازمین کیلئے 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس کی تجویز ہے،مہنگائی کے تناسب سے بجٹ میں تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
گزشتہ دو ایڈہاک میں سے 1 ایڈہاک تنخواہوں میں ضم کرنے کی بھی تجویز ہے، 1 سے 16 تک ڈسپیرٹی الاؤنس پر گریڈ 17 سے 22 تک 15 فیصد اضافے کی بھی تجویز ہے، آرمڈ فورسز کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم سے مستثنیٰ رکھنے کی بھی تجویز ہے، ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کیلئے حتمی فیصلہ بجٹ سے قبل وفاقی کابینہ کرے گی۔