لاہورچیمبراورسکول آف اکنامکس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہورچیمبراورسکول آف اکنامکس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبراور لاہور سکول آف اکنامکس نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے صنعت و تجارت اور معیشت کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز اور لاہور سکول آف اکنامکس کے ریکٹر ڈاکٹر شاہد امجد چودھری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ سابق چیئرمین واپڈا طارق حمید، سابق صدر انجینئر سہیل لاشاری، اکبر شیخ اور ڈاکٹر اعظم چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ مفاہمتی یادداشت کی رو سے دونوں ادارے کاروباری برادری کی کپیسٹی بلڈنگ کے لیے مل کر کام کریں گے اور تجارتی و معاشی امور پر مشترکہ تحقیق کو فروغ دیں گے۔ دونوں اداروں نے ایک رابطہ کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر او لاہور سکول آف اکنامکس کے درمیان مفاہمتی یادداشت بہت دور رس نتائج کی حامل ہوگی اور اس سے کاروباری و تعلیمی ادارے ایک دوسرے کے نزدیک آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے سوچی سمجھی حکمت عملی وضع کرنا بہت ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمیں بھی کاروباری اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاہور سکول آف اکنامکس تاجروں کو ٹریننگ دیکر لیڈرشپ کا فقدان دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت سے صنعت و تجارت اور معیشت کو درپیش مسائل کا بہترین پائیدار حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ اعجاز اے ممتاز نے ملک کی تجارتی و معاشی صورتحال پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ لاہور سکول آف اکنامکس کے ریکٹر ڈاکٹر شاہد امجد چودھری نے کہا کہ لاہور سکول آف اکنامکس معاشی معاملات پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپس اور سیمینارز کے انعقاد اور بجٹ تجاویز کی تیاری میں بھی لاہور چیمبر کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

مزید : کامرس


loading...