پوٹھوہارمیں پی سی آئی اے پی منصوبہ شروع کرینگے: میاں یاورزمان

پوٹھوہارمیں پی سی آئی اے پی منصوبہ شروع کرینگے: میاں یاورزمان

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پرسطح مرتفع پوٹھوہار میں پوٹھوہار کلائمیٹ سمارٹ اریگیٹڈ ایگریکلچر پراجیکٹ (PCIAP) کے نام سے نیا منصوبہ شروع کر رہی ہے۔ جس کا مقصد خطے میں آبپاشی اور واٹر مینجمنٹ سسٹم میں بہتری لانا ہے جس کے نتیجہ میں علاقہ کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبہ کے تحت علاقہ میں پہلے سے موجودچھوٹے ڈیموں کی بحالی و بہتری کے ساتھ ساتھ نئے مقامات کی نشاندہی اور وہاں مزید نئے چھوٹے ڈیم تعمیر کے جائیں گے تاکہ بارانی پانی کی محفوظ، مربوط اور مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پوٹھوہار مرتفع دریائے سندھ اور دریائے جہلم کے درمیانی علاقہ میں 5.43 ملین ایکڑ پر مشتمل خطہ ہے۔ گھریلو و جانوروں کے استعمال کے لئے پانی کی کمی، آبپاشی کی سہولیات کا فقدان، بارانی پانی کا ضیاع و اوپروالی سطح زمین کی بردگی، خشک سالی کی کثرت اور بارانی زراعت سے کم منافع کا حصول اس خطے کے اہم مسائل ہیں۔ مجوزہ منصوبہ سے نہ صرف ان مسائل کا تدارک ہو گا بلکہ خطے میں زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔ پوٹھوہار ریجن میں37 نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بارانی پانی کو محفوظ کرنے کے لئے نئے چھوٹے ڈیم تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔ جبکہ 18 ایسے مقامات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جہاں نئے ڈیم تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی پنجاب، محکمہ زراعت اور ایجنسی برائے بارانی ایریا ڈویلپمنٹ (آباد) مشترکہ طور پر اس پراجیکٹ پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔ مجوزہ منصوبہ کے مفصل ڈیزائن کی تیاری اور تعمیراتی نگرانی کے لئے گزشتہ روز پی ایم او آفس میں پراجیکٹ کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی۔پراجیکٹ کنسلٹنٹس ٹیم نیشنل ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹس (این ڈی سی) اور انجینئرنگ جنرل کنسلٹنٹس (ای جی سی) جوائنٹ ونچر پر مشتمل ہے۔ کنسلٹنگ خدمات کے معاہدہ پرحکومت پنجاب ، محکمہ آبپاشی کے ڈپٹی سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) ناصر اقبال اورپی ایم او پنجاب بیراجیز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ،امجد سعید جبکہ کنسلٹنٹس جوائنٹ ونچر کی طرف سے نیشنل ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹس کے ڈائریکٹر چودھری فواد حسین اور پراجیکٹ منیجر ملک احمد خان اور انجنیئرنگ جنرل کنسلٹنٹس کے جنرل منیجر، محمد جمیل اور ڈائریکٹر محمد عزیر نے دستحط ثبت کیے۔

مزید : کامرس


loading...