تمام سیاسی نظربندوں کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے‘ سید علی گیلانی
سرینگر(آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سینئر آزادی پسند لیڈر مسرت عالم بٹ کی رہائی پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسرت عالم بٹ ساڑھے چار سال کی طویل مدت کے بعد رہا ہوئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان ساڑھے چار برسوں کے دوران مسرت عالم بٹ کو وادی اور وادی سے باہر کی جیلوں میں زبردست اذیتوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر انہوں نے ہمت‘ حوصلہ اور پامردی سے ان تمام مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور بھارت اور اس کے مقامی گماشتوں پر واضح کردیا کہ پھانسیوں اور گرفتاریوں سے آزادی پسند قائدین اور عوام کو خوفزدہ یا مرعوب نہیں کیا ۔
جاسکتا اور نہ ہی جموں و کشمیر کی آزادی کو ظلم و جبر‘ تشدد اور قتل و غارت گری سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسرت عالم کی رہائی سے تحریک آزادی کو اور زیادہ تقویت ملے گی۔ انہوں نے کشمیر سے لے کر تہاڑ جیل تک تمام آزادی پسند قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پاس ان کی گرفتاری کا کوئی قانونی‘ آئینی یا اخلاقی جواز نہیں ہے لہٰذا ان تمام نظر بند افراد کو رہا کیا جانا چاہئے جنہیں بلاجواز گرفتار کرکے جیلوں میں قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کیلئے رکھا گیا ہے۔