اسلام آباد چیمبر یونیڈو کے ساتھ مل کر خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کام کرے گا

اسلام آباد چیمبر یونیڈو کے ساتھ مل کر خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کام کرے گا

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یونائیٹڈ نیشنز انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (یونیڈو) کے تعاون سے خواتین کا عالمی دن منایا ۔ اس حوالے سے چیمبر میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع تھا \" خواتین کی معاشی مختاری - خوشحال پاکستان کے مستقبل کی ضمانت\" اس پروگرام میں یونیڈو کے تعاون سے کاروبار شروع کرنے والی 40ویمن انٹرپرینورز سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ نیشنز انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے کنٹری ڈائریکٹر عصام القراررہ نے کہا کہ پاکستانی خواتین بہت با صلاحیت ہیں لیکن انہیں جینڈر دعدم مساوات سمیت متعدد مشکلات کا سامنا ہے تاہم یونیڈو نے انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کئی طرح منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیڈو نے 6000 خواتین کو کاروبار شروع کرنے میں معاونت کی ہے جو اب کامیابی سے اپنا کاروبار کر کے ملک کی اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ یونیڈو اسلام آباد چیمبر اشتراک سے خواتین کی ترقی کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کرے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین معاشی طور پر خود مختار بن کر قومی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو چائیے کہ وہ خواتین انٹرپرینیورز کیلئے ایک مستقل سینٹر قائم کرے جہاں وہ اپنی مصنوعات کی نمائش کر سکیں اور یونیڈو ان کوششوں میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر محمد شکیل منیر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ خواتین پاکستان کی کل آبادی کا تقریبا 51فیصد ہیں لہذا یہ شد ضروری ہے کہ خواتین کو سازگار ماحول اور بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ بہتر طور پر معاشی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی افرادی قوت میں خواتین کی شرح 60 فی صد سے زائد ہیں لیکن پاکستان کی افرادی قوت میں خواتین کی شرح صرف 25 فی صد ہے لہذا ضروری ہے کہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لئے مذید قانون سازی کرے اور انہیں کاروبار شروع کرنے کیلئے ٹیکس سمیت دیگر مراعات فراہم کرے۔ انہوں نے یونیڈو کی طرف سے خواتین کی معاشی خود مختاری کے لئے اٹھائے گئے اقدمات کو سراہا اور کہا کہ یونیڈو پاکستانی خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے قابل بنا کر ملک کی ترقی میں مفید کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواتین انٹر پرینورز کی استعداد کار کو بہتر کرنے اور ان کی سکیلز ڈیولپمنٹ کیلئے یونیڈو کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔ اس موقع پر بہت سے خواتین نے یونیڈو کے تعاون سے کامیاب کاروبار شروع کرنے کے تجربات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بینک خواتین کیلئے کاروباری قرضے پر بہت زیادہ مارک اپ لیتے ہیں جو خواتین کیلئے کاروبار کی دنیا میں آنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ خواتین انٹرپرینیورز کو آسان شرائط اور کم مارک اپ پر قرضے کی سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین انٹرپرینیورز کیلئے ایک مخصوص ڈسپلے سنٹر قائم کرے تا کہ خواتین زیادہ اعتماد کے ساتھ اپنی مصنوعات کی نمائش کر کے تجارت و برآمدات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر دونوں اداروں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ مشترکہ کوششوں سے خواتین انٹرپرینیورز کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں گے۔

مزید : کامرس


loading...