ایران سے تنازعہ،اسرائیلی انٹیلی جنس چیف امریکا جائیں گے

ایران سے تنازعہ،اسرائیلی انٹیلی جنس چیف امریکا جائیں گے

مقبوضہ بیت المقدس( کے پی آئی)اسرائیل کے انٹیلی جنس چیف آیندہ ہفتے امریکا کے دورے پر جائیں گے اور انکے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام کے تنازعے پر پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔صہیونی ذرائع کے مطابق اسرائیل کی ملٹری انٹیلی جنس کے کمانڈر میجر ہرزی ہالیوے امریکا کے دفاعی عہدے داروں سے ملاقات کریں گے اور اسرائیل کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی ایک تقریب میں شرکت کریں گے۔ستمبر 2014 میں ملٹری انٹیلی جنس کا سربراہ مقرر ہونے کے بعد امریکا کا ان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔واضح رہے کہ انتہا پسند صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی گذشتہ ہفتے امریکی کانگریس میں تقریر کے بعد دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔صہیونی وزیراعظم نے صدر براک اوباما کی انتظامیہ کے ایران کے ساتھ جوہری تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کی مخالفت کی تھی اورامریکا سے ایران کے خلاف سخت پالیسی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم اس کے باوجود امریکا کا اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی اور دفاع کے شعبے میں تعاون جاری ہے اور صدر اوباما کا کہنا ہے کہ ان کی انتظامیہ اسرائیل کی دفاعی امداد جاری رکھے گی۔ایک اسرائیلی ذریعے کا کہنا ہے کہ ہالیوے کا یہ معمول کا دورہ ہے اور وہ دراصل واشنگٹن میں اپنے ہم منصب کے ساتھ راہ ورسم استوار کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید : عالمی منظر


loading...