لاہور سٹاک مارکیٹ ،اربوں کا فراڈ کر نیوالے6بروکر یج ہاؤ سز 5سال بعد بھی ادائیگی نہ کر سکے

لاہور سٹاک مارکیٹ ،اربوں کا فراڈ کر نیوالے6بروکر یج ہاؤ سز 5سال بعد بھی ...

 لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے ساتھ اربوں روپے کا فراڈ کرنے والے 6بروکریج ہاؤسز گزشتہ پانچ برس گزرنے کے باوجود متاثرین کو مکمل ادائیگی نہ کر سکے ۔لاہور سٹاک ایکسچینج کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایچ ایس زیڈ سیکیورٹیز نے 2011ء میں 4کروڑ53لاکھ روپے،سٹاک ماسٹر سیکیورٹیز نے 2012ء میں 22کروڑ روپے،وصی سیکیورٹیز نے 3کروڑ روپے،ہائی لنک کیپٹل سیکیورٹیز نے 2014ء میں ڈیڑھ ارب روپے ،خالد جاوید سیکیورٹیز نے 2011ء میں 4کروڑ روپے اور وائے ایس سیکیورٹیز اینڈ سروس نے 2014ء میں 60کروڑ روپے کا فراڈ کیا۔ذرائع کے مطابق لاہور سٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کی جانب سے ان پانچوں بروکریج ہاؤسز کے مالکان کے خلاف کیس نیب کو بھجوا دیئے گئے ہیں ۔نیب اور لاہور سٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کی کوششوں سے خالد جاوید سیکیورٹیز کے 58فیصد متاثرین کو ادائیگی کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ایچ ایس زیڈ سیکیورٹیز کے کل متاثرین کی تعداد 270،سٹاک ماسٹر سیکیورٹیز کے متاثرین کی تعداد 600،وصی سیکیورٹیز کے متاثرین کی تعداد 160،خالد جاوید سیکیورٹیز کے کل متاثرین کی تعداد 397اور وائے ایس سیکیورٹیز اینڈ سروس کے کل متاثرین کی تعداد 600کے قریب ہے تاہم ان کے متاثرین کو ابھی بہت کم ادائیگیاں کی گئی ہیں ۔سب سے زیادہ ہائی لنک کیپٹل کے متاثرین کی کل تعداد 850ہے جبکہ اس کے ذمہ متاثرین کے ڈیڑھ ارب روپے واجب الادا ہیں۔

مزید : کامرس


loading...