پروفیسر ممتاز نے ایسوسی ایشن آف یورالوجیکل سرجنز کے صدر کاچارج سنبھال لیا
لاہور( جنرل رپورٹر) فاطمہ جناح میڈیکل کالج و سر گنگا رام ہسپتال کے پروفیسر آف یورالوجی پروفیسر ممتاز احمد نے پاکستان ایسوسی ایشن آف یورالوجیکل سرجنز کے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ شیخ زید ہسپتال کے یورالوجسٹ ڈاکٹر مزمل طاہر جو ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں نے بھی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ۔پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے ایسوسی ایشن کے دونوں عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے مبارکبادکے پیغام میں پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پروفیسر ممتاز احمد کی صدارت میں ایسوسی ایشن ملک میں گردوں اور مثانہ کے مریضوں کے علاج معالجے کا معیار بہتر بنانے اور یورالوجی کے سرجنز کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔