سوئی ناردرن ایگزیکٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کی خواتین کے عالمی دن پر تقریب

سوئی ناردرن ایگزیکٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کی خواتین کے عالمی دن پر تقریب

 لاہور( خبرنگار) سوئی ناردرن ایگزیکٹو آفیسرز ایسوسی ایشن (SNEOA) کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا اہتمام سوئی ناردرن کے ہیڈ آفس میں کیا گیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی چیف فنانشل آفیسر سوئی ناردرن محترمہ عظمی عادل تھیں۔ اس موقع پر انھوں نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی اسکوائش کی کھلاڑی سعدیہ گل کو مقامی روزنامہ کی جانب سے کئے گئے سروے میں 50 پاکستانی بااثر اور طاقتور ترین خواتین میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزازسوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ سمیت تمام خواتین کے لئے باعث فخر ہے ۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قومی اور عالمی سطح پر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی اور اپنے حقوق وفرائض بخوبی سرانجام دیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سوئی ناردرن صنفی برابری اور ملازمت میں یکساں مواقعوں پریقین رکھتی ہے ۔ اس موقع پر سوئی ناردرن ایگزیکٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کی نائب صدر عدیلہ مرزوک نے بھی خطاب کیا اور اس اعزاز پر سعدیہ گل سمیت تمام خواتین کو مبارکباد پیش کی۔ یاد رہے کہ ایک مقامی روزنامہ کی جانب سے پاکستان کی بااثر ترین خواتین منتخب کرنے کے لئے سروے کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاست، بیوروکریسی، میڈیا، بزنس، تعلیم اور کھیل سمیت زندگی کے دیگر شعبہ جات میں نمایاں مقام رکھنے والی500 خواتین کو نامزد کیا گیا تھا ۔ اس سروے میں کل11لاکھ،7ہزار،623 لوگوں نے رائے شماری میں حصہ لیا اور کل 50بااثر اور طاقتور خواتین کو منتخب کیا۔ سوئی ناردرن کی اسکوائش پلئیر سعدیہ گل نے اس فہرست میں مجموعی طور پر14ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...