صدر مملکت کل آذربائیجان جائیں گے

صدر مملکت کل آذربائیجان جائیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(اے این این)صدر ممنون حسین (کل)11مارچ سے 14 مارچ تک آذربائیجان کا چار روزہ سرکاری دورہ کرینگے جس کی دعوت انہیں آذربائیجان کے صدر الہام علی نے دی ہے۔ خاتون اول سمیت کچھ وزراء اور سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔ پاکستان میں توانائی، ٹیکسٹائل، ادویات، سپورٹس، انفراسٹرکچر، تعمیرات، سرجیکل آلات، غذائی اشیاء اور چمڑے کی مصنوعات بنانے والی بعض ممتاز پاکستانی کمپنیوں کے تاجروں کا ایک وفد بھی آذربائیجان جائے گا۔ دورے میں صدر آذربائیجان کے ہم منصب سے ون ٹو ون اور وفد کی سطح پر ملاقات کرینگے جس میں دوطرفہ تعلقات کو توسیع دینے پر غور کیا جائے گا اور اقتصادی ، تجارتی، تعلیمی ، دفاعی، ثقافتی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات مستحکم کرنے کیلئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس دور ے میں دونوں ملکوں کے درمیان چار مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ آذربائیجان کے دارالحکومت میں اس موقع پر ایک تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار بھی منعقد ہوگا جس میں دونوں ملکوں کے تاجر حضرات شرکت کرینگے۔ صدر مملکت اس موقع پر آذربائیجان کی خاتون اول مہری بان علی کو پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہلال پاکستان بھی دینگے۔ یہ نشان انہیں فلاحی کاموں بالخصوص ان کی تنظیم حیدر علی فاؤنڈیشن کی طرف سے آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں شاندار فلاحی کاموں پر دیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -