وسائل کا رخ غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی طرف موڑ دیا، شہباز شریف

وسائل کا رخ غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی طرف موڑ دیا، شہباز ...

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ صوبے کے محروم معیشت طبقات اور غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی جانب موڑ دیا ہے۔اربوں روپے کی لاگت سے حکومت کے فلاحی پروگراموں سے عام آدمی مستفید ہورہے ہیں ۔غریب خاندانوں کے ہونہار بچوں کو معیاری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی نوعیت کے منصوبے کامیابی سے آگے بڑھائے جارہے ہیں۔ہمارا ہر قدم عام آدمی کی فلاح کیلئے اٹھ رہا ہے ۔ وسائل کی ایک ایک پائی نہایت شفاف طریقے سے صوبے کے عوام کی ترقی اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پرصرف کی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی مدد کیلئے جاری پروگرامز پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اورانہیں ریلیف کی فراہمی ہے ۔عوام کے معیارزندگی میں بہتری لانے اورانہیں تعلیم ،صحت،پینے کے صاف پانی اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی ترجیحات ہیں اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔صوبے کے دوردراز اورکم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جارہے ہیں ۔دانش سکول سسٹم اورموبائل ہیلتھ یونٹس جیسے فلاحی پروگرام بھی انہی علاقوں میں شروع کیے گئے ہیں ۔پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو اپنا روزگار سکیم کے تحت جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے زیادہ گاڑیاں مختص کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی کی فلاح اور کم وسیلہ طبقات کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے صوبے کے 65ہزار سے زائد مستحق طلباء و طالبات ملکی اورغیر ملکی تعلیمی اداروں میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے پروگرام کے تحت کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہمی کے حوالے سے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات اور ضروری قانون سازی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکبادبھی دی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں جمہوریہ بیلاروس کے سفیر اندرے ارمولووچ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بیلاروس کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربیلاروس کے درمیان تجارت اوراقتصادی میدان میں تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے۔دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں زراعت،لائیوسٹاک ،انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔سفیر بیلاروس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اورمعاشی تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملک کی ترقی اور امن کے دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کر رہی ہے اور ضروری قوانین میں ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کا متفقہ فیصلہ ہے اور اس عفریت کو مکمل طو رپر کچلنے کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑی جائے گی۔ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ اجتماعی بصیرت اور مشترکہ کاوشوں سے امن دشمنوں کا صفایا کیا جائے گا۔ بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے سفاک درندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اگلے 3 برس کے دوران بجلی پیدا کرنے کے کئی کارخانے کام کر رہے ہوں گے۔ وہ آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، حاجی خالد سعید، عبدالرؤف مغل، عارف محمود گل اور ثوبیہ انور ستی شامل تھیں۔ اس موقع پر ایم پی اے منشاء اللہ بٹ، سابق ایم این اے سعود مجید اور کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی بھی موجود تھے۔

مزید : صفحہ اول


loading...