این اے 122کے ووٹوں کی تصدیق ، پی ٹی آئی نے 18لاکھ روپے جمع کرادیئے
لاہور(نامہ نگار)این اے 122کے ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 18لاکھ 35ہزار روپے فیس جمع کرادی، پی پی 147کے ووٹوں کی تصدیق کے لئے 6 لاکھ 75 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ بھی پیش کردیا گیاہے۔الیکشن ٹربیونل کاظم علی ملک نے این اے 122کے بیلٹ پیپرزپرانگوٹھوں کے نشانات کی نادراسے تصدیق کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست منظور کی تھی اور ان کو حلقے کے 284پولنگ سٹیشنز کے ریکارڈ کی تصدیق کے لئے نادرا کی فیس جمع کرانے کا حکم دیا تھا، عمران خان کے نمائندے شعیب صدیقی نے نادرا فیس 10روپے فی ووٹ کے حساب سے 1لاکھ 80ہزار کاسٹ ووٹوں کی 18لاکھ 35ہزار روپے مالیت کا نادرا کے نام بینک ڈرافٹ الیکشن ٹربیونل کو پیش کردیا۔اسی حلقے کی صوبائی نشست پی پی 147کے 80ہزارووٹوں کی نادرا سے تصدیق کے لئے امیدوار شعیب صدیقی نے 6 لاکھ 75ہزار کا بینک ڈرافٹ جمع کرادیاہے۔الیکشن ٹربوینل نے قومی اور صوبائی حلقوں کی فیس وصول ہونے پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر کو این اے 122اور پی پی 147کا ریکارڈ نادراکو بھجوانے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔