این اے 118میں بھی ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کی درخواست منظور
لاہور(نامہ نگار)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118میں ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کی درخواست منظور کر لی گئی، الیکشن ٹریبونل نے تحریک انصاف کے حامد زمان کو اخراجات کے لئے رقم جمع کرانے کا حکم دے دیا۔الیکشن ٹریبونل لاہور کے جج کاظم علی ملک نے حلقہ این اے 118کے ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ سنایا،تحریک انصاف کے حامد زمان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حلقے میں بڑی تعداد میں دھاندلی ہوئی، چند پولنگ اسٹیشنز کی رپورٹ میں دھاندلی ثابت ہو چکی ہے، ٹریبونل تمام پولنگ اسٹیشنز کی نادرا سے جانچ پڑتال کرنے کا حکم دے، ٹریبونل نے حامد زمان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 16مارچ تک اخراجات کی رقم جمع کرانے کا حکم دیاہے،، ٹریبونل نے نادرا کو ایک ماہ میں نشانات انگوٹھا کی تصدیق کر کے رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے ،تحریک انصاف کی درخواست پر ٹریبونل نے فیصلہ ہفتے کو محفوظ کرلیا تھا جو سنادیا گیا ہے، حلقہ این اے 118سے مسلم لیگ (ن )کے ملک ریاض کامیاب ہوئے تھے ، جن کی کامیابی کو تحریک انصاف کے حامد زمان نے چیلنج کررکھا ہے ۔