نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو۔۔۔قو می یکجہتی‘ علاقائی ثقافت کی علامت

نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو۔۔۔قو می یکجہتی‘ علاقائی ثقافت کی علامت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی ،11برس بعد لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا رنگا رنگ انعقاد
صدر مملکت ممنون حسین نے ہارس اینڈ کیٹل شو کاافتتاح کیا، صدر آزاد جموں وکشمیر کی خصوصی شرکت
گورنر بلوچستان‘ قائم مقام گورنر پنجاب‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ،سپیکر قومی اسمبلی ،صوبائی وزراء اوراعلیٰ عسکری حکام کی شرکت
وزیراعلیٰ شہبازشریف کا مشکور ہوں‘ہارس اینڈ کیٹل شو قومی یکجہتی کی علامت ہے۔وزیراعلیٰ سندھ
لوک ڈانس‘ نیزہ بازی‘ مارچ پاسٹ‘ ہارس اینڈ کیمل ڈانس‘ آرمی بینڈشو
گرے ہاؤنڈ ریس ‘ پیس شو‘ کیمل بینڈ‘ موٹرسائیکل پر بازی گری کے مظاہرے
آرمی بینڈ ڈسپلے‘ ریڈز پریڈکے شاندار مظاہرے
رات کے اندھیرے میں شمع اور مشعل پریڈنے حاضرین کو مبہوت کر دیا
لوک موسیقاروں نے سریلی تانیں بکھیر کر سماں باندھ دیا
لاہور کے رنگ اور خوشبوئیں فضا میں ہر سوبکھر گئیں
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ہر سال ہارس اینڈ کیٹل شو ضرور کرائیں۔شہریوں کااصرار
ہارس اینڈ کیٹل شو کے چار روز کا لمحہ بہ لمحہ احوال
عوام کی طرف سے روایتی تہوار کی بھر پور پذیرائی
تحریر :۔محمد عمران اسلم
شہر دلآویز لاہور کی ثقافتی رونقیں بالآخر11برس بعد بحال ہو گئیں۔ قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا ازسرنو انعقاد بلاشبہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی طرف سے عوام کے لئے خوبصورت تحفہ ہے۔ لاہور کے شہری عرصہ دراز سے روایتی میلے کے منتظر تھے جسے مختصر ترین وقت میں اعلیٰ ترین انتظامات کے ساتھ بہترین انتظامیہ نے ممکن کر دکھایا۔ زندہ دلان لاہور نے ہارس اینڈ کیٹل شو کے چاروں دن بھرپور شرکت کر کے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ حکومت پنجاب لاہور کی خوبصورت روایات ،ثقافت‘ رونقیں اور رنگارنگ تقریبات بحال کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ہارس اینڈ کیٹل میں آنے والے شہریوں نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے ہر سال ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد کرانے کی روایت کے احیاء کی درخواست کی۔
لاہور شہر ہے لیکن شہروں میں منفرد شہر۔ یوں لگتا ہے جیسے لاہور ہی وہ استعارہ ہے جو گل رنگ ماضی کے جہان آرزو ہم پر کھولتا ہے۔ لاہور ہی وہ کنایہ ہے جس کے دوش پرخوشبوئیں عطربیز ہوتی ہیں۔ دلی دروازے سے شاہی مسجد تک چند قدموں کا فیصلہ ہے مگر قدموں سے صدیاں لپٹ لپٹ جاتی ہیں۔ لاہور ہی ہمارا ثمرقند و بخارا ہے۔ اس کی اپنی فضا‘ اپنے رنگ اور اپنی خوشبو ہے۔ اس کے گلی کوچوں کی اپنی ہی انفرادیت ہے۔ لاہوریوں میں مہمان نوازی ہے۔ دلبری ہے اور دلکشی ہے۔ لاہور کے مکین انس و محبت کے پیکر ہیں۔ یہ لوگ مہمان کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں۔ محبت آمیز تلخ نوازی کے باوجود اندر سے نرم خو ہیں۔ ہاں ضمیر جعفری نے خوب کہا تھا شاید لاہور کی نابغہ روزگار شخصیات کے بارے۔۔۔
کوئی رومی‘ کوئی غالب کوئی اقبال پیدا کر
کہ شہروں کی بڑائی ان کے میناروں سے ہوتی ہے
نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا افتتاح صدر مملکت ممنون حسین نے کیا۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو ہمارے لئے ایک طویل عرصے کے بعد بہار اور خوشیوں کا پیغام لایا ہے جس سے شہریوں کے چہرے مسرت سے تمتما اٹھے ہیں۔ رنگوں بھرا یہ میلہ قومی یکجہتی کا عکاس ہے اور ہم مل کر ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ انشاء اللہ تین سال بعد اس میلے اور نمائش کامزید خوبصورت اور دلکش سماں ہوگا کیونکہ حکومت نے بجلی پیدا کرنے کے 15بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جن سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا اور صنعت و حرفت کیلئے بجلی وافر مقدار میں میسر ہوگی۔ نئے ڈیموں پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے جن سے پانی میں اضافہ ہوگااور ہمارا کسان خوشحال ہوگا۔ زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے حکومت پنجاب کے کئے گئے اقدامات نہایت قابل تحسین ہیں۔ حکومت کا چین کے ساتھ شروع کیاگیا اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے کی حالت بدل کر رکھ دے گا۔ یہ ایک نہایت اہم منصوبہ ہے جس سے ملک کے کسی بھی حصے کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ اس موقع پر کیول کیڈ، نیزہ بازی ،گھوڑ سواری، گھوڑا ناچ، ڈاگ ریس ، پی ٹی شو اور ملی نغموں کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ پاکستان کے ہر صوبے کی ثقافت پر مبنی فلوٹ پیش کئے گئے جن کے ساتھ نوجوان علاقائی رقص کررہے تھے۔صدر نے میلہ میں حصہ لینے والے رینجرز و ملٹری کے نوجوانوں ، کسانوں، طلبا و طالبات اور نوجوانوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال، ڈی جی رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری انفارمیشن، سیکرٹری بلدیات، کمشنر و ڈی سی او لاہور، اعلیٰ حکام کے علاوہ خواتین ،بچوں ،بزرگوں غرضیکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
صدر جب سٹیڈیم پہنچے توقائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے ان کا استقبال کیا۔ہارس اینڈ کیٹل شو کے آغاز میں صدر پاکستان کی آمد پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ایچی سن کالج کے گھڑسوار دستے نے ملی نغموں کی دھنوں پر اجازت طلب کی جس کے بعد شو کاباقاعدہ آغاز ہوا۔گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر، بلوچستان، سندھ، خیبرپختون خواہ اور پنجاب سے آئے ہوئے بچوں نے یونٹی ڈانس پیش کرکے قطار وں میں کھڑے ہوکر پاکستان کا نقشہ بنایا جس پر ناظرین نے تالیاں بجاکر بھرپور داد دی۔کیول کیڈ میں بیل، گائے، بھینس، بھیڑ اور بکری کی مختلف نسلوں کی نمائش نے شائقین کو محظوظ کیا۔ہر صوبے کی نمائندگی پر مبنی خوبصورت فلوٹس کے ساتھ مقامی لوک رقص نے عجیب سماں باندھ دیا۔اس موقع پر پاکستان رینجرز کے ڈرل دستے نے خوبصورت پریڈ پیش کی۔نیزہ بازی کے مظاہروں اور گھوڑڈانس نے شو کی رونق کو دوبالا کردیا۔پاکستان رینجرز کے موٹرسائیکل سکوا ڈ اور ملٹری پولیس کے گھڑسواروں نے بازی گری کے انوکھے کرتب پیش کئے۔قائمقام گورنر پنجاب نے صدرمملکت کو یادگاری سووینیئراور تصویری البم پیش کی۔
ہارس اینڈ کیٹل شو کے پہلے روز شام کی تقریبات کے مہمان خصوصی گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی تھے۔ اس موقع پر سانحہ پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ٹیبلو پیش کیا گیا۔ بعدازاں صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی کو خصوصی سووینئر پیش کیا جبکہ صوبائی وزیرحمیدہ وحیدالدین نے گورنر بلوچستان کو تصاویر کا البم پیش کیا۔
نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوسرے روزبھی عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اہل لاہور نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کی تقریب میں جوق در جوق امڈ آئے۔ دوسرے روز کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں ان کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں چاروں صوبوں کی ثقافت اور روایات کا مظاہرہ نہ صرف متاثرکن بلکہ قومی یکجہتی ا ور اتحاد و یگانگت کی علامت ہے ۔اس طرح کے شوکے انعقاد سے بھائی چارے اور محبت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں ۔ میں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا مشکور ہوں کہ انہوں نے قومی سطح کے اس شو میں مدعو کیا ۔صوبائی وزیربرائے اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو خو ش آمدید کہا ۔ مہمان خصوصی کو بگھی میں سلامی کے چبوترے پر لایا گیا ۔ بچوں نے یونٹی ٹیبلو پیش کیا اور پاکستان کا جھنڈا بنایا جس کو شائقین نے بے حد سراہا ۔ آرمی بینڈ نے قومی ترانوں کی محسور کن دھنیں پیش کیں ۔ رینجرز کے جوانوں نے ریڈ پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا اور اور بندوق کو گھمانے کی شاندار پرفارمنس دی اور شائقین سے بھر پور داد وصول کی ۔ اس موقع پر کیول کیڈ ، نیزہ بازی ، گھوڑا ناچ ، ڈاگ ریس اور پی ٹی شو کا مظاہرہ کیا ۔ ملٹری پولیس کے جوانوں نے موٹر سائیکل پر دل موہ لینے والے کرتب پیش کئے خاص طو رپر جو کر کے کرتب کو بچوں نے بے حد سراہا ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہو رنے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں شرکت کر کے پاکستان کے ساتھ محبت کا ثبوت دیا ہے ۔ وقت کا تقاضاہے کہ ہم ایک مٹھی کی طرح اکٹھے ہو کر کام کریں ۔ سول و ملٹری ادارے اپنے اشتراک عمل سے ملک میں امن لے کر آئے ہیں۔ وہ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے مشکور ہیں کہ وہ یہاں تشریف لائے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کو صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا سوونیئر جبکہ خلیل طاہر سندھو نے البم پیش کی۔ اس موقع پر ، ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید خان ، اعلی حکام اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوسرے روز شام کی تقریبات کے مہمان خصوصی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان تھے۔جنہیں بگھی میں اسٹیڈیم لایا گیا اور بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا۔ان کے ہمراہ صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد یاور زمان بھی تھے۔مہمان خصوصی کی آمد کے فوری بعد سانحہ پشاور کے شہید بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے امن ٹیبلو اور نغمے پیش کئے گئے جس میں شہید بچوں کے حقیقی بہن بھائیوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شہید بچوں کے والدین بھی موجودتھے۔آرمی بینڈ پنجاب،رینجربینڈاور کیمل بینڈ نے مسحورکن دھنیں بجائیں اور زندہ و جاوید قوموں کی روایات کو آگے بڑھانے والے اتفاق و اتحاد اور نظم و ضبط کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔مشکل حالات میں آگے بڑھنے کے جذبوں کی ترجمانی کرتے ہوئے نیزہ بازوں نے رات کے وقت بہترین کھیل پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔پاکستان کے ثقافتی رنگوں کو بکھیرتے فلوٹس ،بچوں اور خواتین کی نگاہوں کا مرکز بنے رہے۔علاقائی رقص اور لوک فنکاروں نے اپنے فن سے ناظرین کو محظوظ کیا، گھوڑوں اور اونٹوں کا رقص قابل دید تھا۔رینجرز کے نوجوانوں مشعل پریڈاور مختلف فارمیشن کے ذریعے منظرکشی اور آتش بازی اپنی مثال آپ ثابت ہوئے۔بعدازاں صوبائی وزیر آبپاشی محمد یاور زمان نے مہمان خصوصی کو نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا سووینئرپیش کیا جبکہ ذکیہ شاہنواز نے تصویری البم پیش کی۔
تیسرے روز کی تقریبات کے مہمان خصوصی قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال تھے جبکہ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری انفارمیشن ، سیکرٹری بلدیات اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی فورٹریس سٹیڈیم پہنچے تو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کے دستے نے میلے کی تقریبات شروع کرنے کی اجازت طلب کی۔ بعد ازاں پاکستان کے تمام صوبوں سے آئے ہوئے بچوں اور بچیوں نے یونٹی ڈانس پیش کیا اور ملکرگراؤنڈ میں پاکستان کا خوبصورت نقشہ بنایا۔ اس موقع پر گھوڑوں، اونٹوں اور میوشیوں کے کیول کیڈ نے حاضرین سے کافی داد وصول کی۔ بالخصوص نیلی راوی بھینس، کنڈی بھینس، ساہیوال، روجھان ، دھنی، بھاگناڑی نسل کی گائے، مندری، لوبھی، بچی، تھلی، کجلی اور کوہستان نمک کی بھیڑ، بیتل، انگورا، ٹیڈی، ہیری اور ناچی نسل کی بکریاں سامنے سے گزریں تو حاضرین نے زور زور سے تالیاں بجائیں۔ بارش کے باوجود لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔کشمیر، گلگت بلتستان،خبیر پختونخوا،بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے فلوٹ قومی یکجہتی کا مظہر تھے۔ ان کے ساتھ مقامی لوک رقص نے میلے کی رونق دوبالا کر دی۔رینجرز اور آرمی کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنوں پر پریڈ کر کے خوبصورت سماں باندھ دیا جبکہ ڈاگ ریس اور فوج کے تربیت یافتہ کتو ں نے جلتی آگ کے دائروں میں سے گذر کر بچوں سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات نے گورنر پنجاب کو محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے خوبصورت تصویری البم پیش کی۔
نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے تیسرے روز شام کی تقریبات کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان تھے۔ بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سے تعارف کرایا گیا۔مہمان خصوصی کی آمد کے فوری بعد سانحہ پشاور کے شہید بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے امن ٹیبلو اور نغمے پیش کئے گئے جس میں شہید بچوں کے حقیقی بہن بھائیوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شہید بچوں کے والدین بھی موجودتھے۔آرمی بینڈ پنجاب،رینجربینڈاور کیمل بینڈ نے مسحورکن دھنیں بجائیں اور نظم و ضبط کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔مشکل حالات میں آگے بڑھنے کے جذبوں کی ترجمانی کرتے ہوئے نیزہ بازوں نے رات کے وقت بہترین کھیل پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔پاکستان کے ثقافتی رنگوں کو بکھیرتے فلور ،بچوں اور خواتین کی نگاہوں کا مرکز بنے رہے۔علاقائی رقص اور لوک فنکاروں نے اپنے فن سے ناظرین کو محظوظ کیا، گھوڑوں اور اونٹوں کا رقص قابل دید تھا۔رینجرز کے نوجوانوں مشعل پریڈاور مختلف فارمیشن کے ذریعے منظرکشی اور آتش بازی اپنی مثال آپ تھے۔اس موقع پر مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کوایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا نے ہارس اینڈ کیٹل شو کا سووینئرپیش کیا مہمان خصوصی کومحکمہ تعلقات عامہ کی طرف سے تصویری البم بھی پیش کی گئی۔
جوش و خروش، خوشیوں اور رنگوں سے بھرے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے آخری روز صبح کی تقریبات کے مہمان خصوصی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تھے جبکہ صوبائی وزیر خزانہ ، ایکسائز وٹیکسیشن مجتبی شجاع الرحمن، ایم این اے پرویز ملک، مشیر وزیر اعلی برائے لائیو سٹاک چوہدری ارشد جٹ، ڈی جی رینجرزپنجاب میجرجنرل خان طاہر جاوید خان، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور اعلی سرکاری و فوجی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی فورٹریس سٹیڈیم پہنچے تو قومی ترانہ بجایا گیا اور طلباو طالبات نے ملی نغمے پیش کئے۔ بعد ازاں پاکستان کے تمام صوبوں سے آئے ہوئے طلبا و طالبات نے منظم انداز میں یونٹی شوپیش کیا اور ہاتھ باندھ کر گراؤنڈ میں پاکستان کا خوبصورت نقشہ ترتیب دیا۔ پاکستان کے مختلف صوبوں اور علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں کے مقامی رقص نے میلے کی رونق دوبالا کر دی بالخصوص چترالی اور تلواروں کے ساتھ خٹک ناچ نے شدید سردی میں لوگوں کا خون گرما دیا ۔ رینجرز اور آرمی کے دستوں نے ملی نغموں کی دھنوں پر پریڈ کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے خوب تحسین حاصل کی جبکہ فوج کے تربیت یافتہ کتو ں نے جلتی آگ کے دائروں میں سے چھلانگیں لگا کر بچوں سے خوب داد وصول کی۔ آخر میں مہمان خصوصی کو محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی طرف سے میلے کی تقریبات پر مبنی ویڈیو سی ڈی اور تصویری البم پیش کی گئی۔
اتوار 8مارچ کی شب نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کی رنگار رنگ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ آخری روز کی تقریبات اور ٹیٹو شو دیکھنے کیلئے عوام کی کثیرتعدادنے فورٹریس سٹیڈیم کا رخ کیا ۔ سٹیڈیم میں تماشائیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ مہمان خصوصی قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی کی آمد کا اعلان بگل بجاکر کیاگیا۔ ٹیٹوشو میں آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ کے پس منظر میں پنجاب سپورٹس بورڈ اور آئی ایس پی آر کی جانب سے تیارکردہ امن شو کو حاضرین نے بہت پسندکیا اور بھرپور تالیوں سے امن شو کے ٹیبلو میں شریک بچوں کو داد دی۔ اس شو میں آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں کے سگے بہن بھائی اور کلاس فیلو بھی شریک تھے جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑنے کے عزم کااظہارکیا۔ شام کی تقریبات میںآتش بازی‘ نیزہ بازی‘ علاقائی رقص اور لوک موسیقی شو‘ گھوڑوں اور اونٹ کے ڈانس پیش کئے گئے۔آخری روز شام کی تقریبات میں ملک کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے آئے لوک فنکاروں نے اپنی خوبصورت آو از میں لوگ گیت اور ترانے گا کر شہریوں کا جوش و خروش مزید بڑھا دیا ۔پنجاب رینجرز کی جانب سے مشعل پریڈ اور شمع پریڈ میں خوبصورت خاکے اور دیدہ زیب منظر پیش کئے گئے۔ عوام نے رینجرز کے جوانوں کی مہارت اور صلاحیتوں پر انہیں بھرپور داد دی۔ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو دیکھنے والے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے جرأت مندانہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقادسے عوام کو ناصرف صحت مندتفریح میسر آئی ہے بلکہ یہ قومی یکجہتی اور اتحاد کی علامت بن گیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن اور صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو ہارس اینڈ کیٹل شو کا سووینئر اورمحکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی جانب سے فوٹو البم پیش کی گئی۔

مزید :

ایڈیشن 1 -