ڈائریکٹر خرم ملک کی فلم’’کچھ پل کے لئے‘‘ کی افتتاحی تقریب
حسن عباس زیدی
ڈائریکٹر خرم ملک کی نئی فلم’’کچھ پل کے لئے‘‘ کا افتتاح،شوبزاور میڈیا سے وابستہ افراد کی شرکت،تفصیلات کے مطابق اس فلم کا افتتاح گذشتہ رات ایورنیوسٹوڈیوکے چھ نمبر فلورمیں ہدائتکار سید نور کے ہاتھوں کیا گیا۔اس تقریب میں فلمسٹارخوشبو،اربازخان،شفقت چیمہ،فلم ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے چئیرمین چوہدری اعجازکامران،کوریو گرافر نگاہ حسین،فلمسازفیاض خان،جونی ملک،سراج خان،ڈاکٹر اجمل ملک،اے حفیظ ،نویدرضا،ٹھاکر لاہوری،قیصر افتخار،حسن عباس زیدی،ملک آصف شہزاد اور فیصل بٹ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔پروڈیوسر ممتاز ملک نے کہاکہ یہ فلم نئے اداکاروں پر مشتمل ہوگی۔فلم کا مرکزی کردار ہماعلی کریں گی ۔ڈائریکٹرسیدنور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہدائتکاروں کے آںے سے فلم انڈسٹری ترقی کی طرف گامزن ہورہی ہے اور نت نئے آئیڈیاز دیکھنے کو مل رہے ہیں اگر اسی طرح نئی فلمیں بنتی رہیں تو فلم انڈسٹری سے وابستہ ہنرمندوں اور تکنیک کاروں کو بھی روزگار ملے گا اور فلم انڈسٹری خوشحالی کی طرف گامزن ہوگی۔اس موقع پر ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے فلم کی ہیروئن ہما علی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور اعلی معیار ہی پاکستانی انڈسٹری کو بچا سکتا ہے‘ لاکھوں روپے سے فلمیں بنانے کا دور گزر چکا اب کروڑوں اور اربوں لگانا ہونگے‘ میں ہمیشہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے حالات کو قریب سے دیکھتی رہتی ہوں ۔ ہما علی نے کہا کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے دنیا کے ساتھ چلنا پڑتا ہے اور اگر ہم نے اپنی فلم انڈسٹری کو بہتر کرنا ہے تو اس کیلئے ہمیں انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی اور اعلی معیار اختیار کرنا ہو گا کیونکہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسڑی کو آباد کر نے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کر نا ہو گاکیونکہ ہمیں یادرکھنا چاہیے کہ اتفاق میں ہی برکت ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایک بھی فلم کی کامیابی ساری انڈسٹری کے لئے تقویت کا باعث بن سکتی ہے ‘ جب فلمیں بنیں گی تو ہی گلوکار بھی مصروف ہونگے اور اس کے ہزاروں ہنر مندوں کے گھروں کے چولہے جلیں گے۔ فلم انڈسٹری کے موجودہ دور میں فلموں کی کامیابی آئی سی یو میں پڑی انڈسٹری کے لئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اور ایسا ہرگز نہیں کہ فلم کی کامیابی سے صرف اس سے وابستہ لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ یہ پوری انڈسٹری کے لئے سود مند ثابت ہوتی ہے۔ہما علینے کہا ہے کہ میں ہمیشہ معیاری کام کی تلاش میں رہتی ہوں اور اب میں نے سٹیج کے ساتھ ساتھ فلمیں بھی باقاعدگی سے کر رہی ہوں ۔ مجھے بے شمار فلموں کی آفرز ہوئی مگر میں نے ہر آفر قبول نہ کی اور صرف چند فلموں میں ہی کام کیا ہے ، علی نے کہا کہ میں نے بہت کم اداکاری صرف اس لیے کی کیونکہ میں ہمیشہ اچھے اور معیاری کام کی تلاش میں رہتی ہوں اگر میں سب فلموں میں جن کی مجھے آفرز ہوئی تھی کام کرتی تو آج میرے نام کے ساتھ فلموں کی ایک لمبی لسٹ موجود ہوتی۔ڈائریکٹر خرم ملک نے کہاہے کہ آج سوشل میڈیا ہر طرف چھایا ہوا ہے اور میرا بھی اس سے رشتہ مضبوط ہوتا جا رہا ہے ، سوشل میڈیا آنے والے وقت میں ایک انقلاب برپا کر دے گا اور شوبز سمیت زندگی کے دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات بھی سوشل میڈیا کے اثر سے بچ نہیں پائیں گی ۔خرم ملک نے کہا کہ فلم میں ذاتی پسند نا پسند کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی ، سکرپٹ کے مطابق کرداروں کے چناؤ سے فلم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے ۔ میں نے بھی بطور پروڈیوسر جو فلمیں بنائی ہیں اس میں کہانی کے مطابق اداکاروں کو کاسٹ کیا اور اسی وجہ سے وہ کامیاب بھی ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی کے لئے سب سے ضروری چیز ٹیم ورک ہے ۔