پاکستان میوزک گلڈ کے زیر اہتمام الحمراء میں شام موسیقی

پاکستان میوزک گلڈ کے زیر اہتمام الحمراء میں شام موسیقی

حسن عباس زیدی

پاکستان میوزک گلڈ نے گزشتہ دنوں لاہور آرٹس کونسل کے اشتراک سے ایک شام موسیقی کا انعقاد کیا۔ کلاسیکل موسیقی کے اس پروگرام میں ملک کے جن نامور گائیکوں نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ان میں استاد غلام حیدر خاں،موسیقار رفیق حسین،سلیم بزمی،استاد فیاض علی خاں،سلیم بزمی،کلیم اختر اور ابوبکر فیاض کے نام نمایاں ہیں ۔اس پروگرام میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔مدتوں یاد رہنے والی اس یادگار شام موسیقی میں شہرہ آفاق موسیقار وجاہت عطرے ،گلوکار عنایت عابد،عظیم سلیم،سجاد بیلا،شفاعت اعوان اور مقدس عظیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس محفل کے لئے کافیوں کی دھنیں استاد غلام حیدر خاں نے ترتیب دی تھیں پاکستان میوزک گلڈ کے اس پروگرام کا آغاز بابا بلھے شاہ ؒ کے کلام سے ہوا۔اس کلام کو گانے کا شرف میاں تنویر کو حاصل ہوا انہوں نے اس کلام کے ذریعے خوب سماں باندھا۔گلوکار محمد شبیرنے خواجہ غلام فرید ؒ کا کلام سنایا اور خوب داد سمیٹی۔اس کے علاوہ گلوکاروں نے شاہ حسینؒ کی کافی اور یگر صوفیانہ کلام گا کر موسیقی کے مداحوں سے داد وصول کی۔عالمی شہرت یافتہ موسیقار رفیق حسین اور استاد غلام حیدر خاں کی پرفارمنس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔سلیم بزمی اور استاد فیاض علی خاں بھی متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔اس موقع پر پاکستان میوزک گلڈ کے روح رواں اور پروگرام کے آرگنائزر استاد غلام حیدر خاں نے کہا کہ میں اور میری ٹیم کلاسیکل موسیقی کے فروغ کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ہم مستقبل میں بھی ان پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ایک سوال کے جواب میں استاد غلام حیدر خان نے کہا کہ میں لاہور آرٹس کونسل کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے تعاون سے ہمارے پروگراموں کا تسلسل سے انعقاد جاری ہے۔میں اپنے پروگراموں میں پرفارم کرنے والے تمام فنکاروں کا بھی شکر گذار ہوں جو میرے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہیں ۔اس پروگرام کے انتظامی امور پاکستان میوزک گلڈ کے جوائنٹ سیکرٹری وقار احمد کے سپرد تھے انہوں نے اپنے فرائض انتہائی خوبی سے نبھائے ۔

مزید : ایڈیشن 2


loading...