جرائم پیشہ افراد گرفتار،اسلحہ برآمد

  جرائم پیشہ افراد گرفتار،اسلحہ برآمد

  



پشاور(کرائمز رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے انڈر 21 گیمز اور پولیو مہم کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر شہر کے مختلف علاقوں میں سماج دشمن عناصر کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کیا ہے، گزشتہ روز ہونیوالی کارروائی کے نتیجے میں 16 ملزمان کو گرفتار کیاگیا ہے جن کے قبضہ سے تین کلاشنکوف اور11عدد پستول سمیت دو رائفل اور سینکڑوں کارتوس برآمد کئے گئے ہیں، ایس ایس پی آپریشن نے کھیلوں اور پولیو مہم کے تناظر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ہے تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کی خصوصی ہدایت پر پشاور میں امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے اور انڈر21 گیمز سمیت گزشتہ روز سے شروع ہونے والے پولیو مہم کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی خاطر ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کیا ہے جس کیدوران پولیس نے جرائم پیشہ اور دوسرے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث16 ملزمان کو گرفتار کر لیاہے، کریک ڈاون کے دوران تھانہ بھانہ ماڑی پولیس نے ملزم عبدالحق،تھانہ متنی پولیس نے ملزمان نوید، اعجاز،فرزند اور بلال،تھانہ انقلاب پولیس نے منصف اور راز خان،تھانہ پہاڑی پورہ پولیس نے ضیاء اللہ،افتخار اور شیرین،سربند پولیس نے کامران اور مبارک شاہ جبکہ تھانہ پشتخرہ،چمکنی اور خزانہ پولیس نے دیگر چار ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر تین عدد کلاشنکوف، گیارہ عدد پستول اور دو عدد رائفل سمیت سینکڑوں کارتوس بھی برآمد کر لئے ہیں، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے

مزید : پشاورصفحہ آخر