پاک سیکرٹریٹ ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے پر قلم چھوڑ ہڑتال مذاکرات سے انکار

پاک سیکرٹریٹ ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے پر قلم چھوڑ ہڑتال مذاکرات سے ...

  



اسلام آباد (آئی این پی) پاک سیکرٹریٹ میں ملازمین نے تنخواہیں نہ بڑھانے پر قلم چھوڑ ہڑتال کردی ہے‘ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے ملازمین سیکرٹریٹ کے مختلف بلاکس کے سامنے احتجاج کرتے رہے تاہم سیکرٹریٹ کے مرکزی دروازے بند ہونے کے باعث ملازمین کو شاہراہ دستور پر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔ وزارت خزانہ کے جوائنٹ سیکرٹری احتجاج کرنے والے ملازمین سے بات چیت کیلئے آئے تاہم مظاہرین نے ان کی بات نہ سنی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاک سیکرٹریٹ میں موجود وزارتوں اور ڈویژنوں کے ملازمین نے علی الصبح قلم چھوڑ ہڑتال شروع کردی اور بیشتر وزارتوں کے چھوٹے ملازمین اور افسران دفاتر سے باہر آگئے اور حکومت مخالف نعرے بازی شروع کردی۔ کچھ ہی دیر میں ہزاروں کی تعداد میں سرکاری ملازمین وزارت خزانہ کے احاطہ میں جمع ہوگئے۔ میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرنے کے باعث ملازمین نے شاہراہ دستور کا رخ کیا اس دوران سیکرٹریٹ کے داخلی اور خارجی دروازے بند کردیئے گئے جس کی وجہ سے احتجاج کے شرکاء باہر نہ نکل سکے لیکن انہوں نے تنخواہیں بڑھانے تک قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

قلم چھوڑ ہڑتال

مزید : صفحہ آخر