تبدیلی کے دعویداروں نے مسائل میں اضافہ کیا،حامد رضا

  تبدیلی کے دعویداروں نے مسائل میں اضافہ کیا،حامد رضا

  



لاہو(نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ملک و قوم بند گلی میں کھڑے ہیں۔ ملک بحرانوں اور قوم مایوسی کا شکار ہے۔ تبدیلی کے دعویداروں نے قوم کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ کوئی طبقہ حکومت سے مطمئن نہیں۔ کابینہ میں شامل 47 وزراء اور مشیر نااہلوں کا ٹولہ ہے۔ موجودہ حکومت کا کرپشن فری پاکستان کا ایجنڈا بھی کمزور ہو گیا ہے۔ افغان امن معاہدہ کو درپیش خطرات تشویشناک ہیں۔ فریقین دوحہ معاہدہ کی پاسداری یقینی بنائیں۔ بھارت کی سرزمین مسلمانوں کے لئے کربلا بن چکی ہے۔ مودی سرکار کی مسلمانوں سے دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ بھارتی مسلمانوں کے قتل عام پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے۔ ایران اور ترکی کے سوا کسی اسلامی ملک نے بھارتی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں مسلمان دہشت گردی کا شکار ہیں اور مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ مسلمانوں کے حقوق و مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مسلم ممالک”اسلامی اقوام متحدہ“ کا اعلان کریں اور عالمی سطح پر متحدہ مسلم بلاک تشکیل دیں۔ مسلم دنیا کو درپیش خطرات کے سد باب کے لئے اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4