فرنس آئل چوری کیس، ملزم اخلاق شاہ کے ریمانڈ میں توسیع

فرنس آئل چوری کیس، ملزم اخلاق شاہ کے ریمانڈ میں توسیع

  



لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں 22 کروڑ روپے فرنس آئل چوری کیس میں ملوث ملزم اخلاق شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 مارچ تک توسیع کردی،عدالت نے ملزم اخلاق شاہ کی پلی بارگینگ کی درخواست پر مکمل رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے،احتساب عدالت کے جج محمد خلیل ناز نے کیس پر سماعت کی،ملزمان کے خلاف عدالت میں نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے،ریفرنس میں رانا مہتاب، دلبر ڈوگر، محمد شبیر، سمیت 34 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے،نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے نندی پور پاور پلانٹ سے 145 آئل ٹینکر ز غائب کر دئیے تھے۔

،نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ ملزم اخلاق شاہ نے بھی پلی بارگینگ کی درخواست جمع کرا رکھی ہے، نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ میں 22 کروڑ روپے کے فرنس آئل چوری کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر عباس کی نشاندہی پر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں کروڑوں روپے کا فرنس آئل چوری کیا، یادرہے کہ اس کیس میں پلی بار گینگ کے ذریعے رہا ہونے والے ملزمان میں رانا مہتاب عالم، دلبر حسین ڈوگر اور حامد رضا شامل ہیں۔

مزید : علاقائی