باغبانپورہ،نا معلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ،شوہر،بیوی اور سوتیلی بیٹی قتل

 باغبانپورہ،نا معلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ،شوہر،بیوی اور سوتیلی ...

  



لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ایک اور خونیں واردات،نامعلوم افراد نے تین افرادکو قتل کر دیا۔تہرے قتل کی اندوہناک واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس نے لاشیں پورسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے ہسپتال میں منتقل کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقہ احمد ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر40سالہ شخص وقاص اس کی بیوی رضیہ اور سوتیلی بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ گزشتہ روزمقتول وقاص کی بہن نیلم نے اپنے بھائی کو فون کیا،بار بار فون کرنے کے باوجود اس نے کال نہ سنی تو اسے تشویش لاحق ہوئی۔نیلم اپنے بھائی وقاص کے گھر پہنچی تو وہاں بیڈ روم میں خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں۔ اطلاع پر پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ مقتولہ رضیہ کو4 سال قبل اس کے پہلے شوہر کلیم نے طلاق دیدی تھی،اس کے بعد اس نے وقاص سے شادی کر لی تھی۔ رضیہ اپنی پہلے شوہر سے بیٹی کیساتھ مقیم تھی، اور اپنے دوسرے شوہر وقاص کیساتھ مقامی فیکٹری میں کام کرتی تھی۔ تینوں گھر پر رات کو موجود تھے جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا۔ملزمان نے وقاص کو چہرے پر گولی ماری، رضیہ کے سینے پر فائر کیا جبکہ 14 سالہ  لڑکی کے سر میں گولی ماری گئی۔ایس پی بلال فرقان کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کاقتل ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے۔ غیرت کے نام پر تینوں کو قتل کیا گیا ہے۔ رضیہ کے پہلے بچے پہلے خاوند کیساتھ رہتے ہیں جبکہ قتل ہونے والی بیٹی ماں کیساتھ رہائش پذیر تھی۔مقتول وقاص کی بہن نیلم شہزادی کے مطابق  رضیہ کے پہلے شوہر اور اس کے بھائیوں نے قتل کیا ہے۔

تین قتل

مزید : صفحہ اول