ملک کو کنگال کرنیوالوں کی سیاست ختم،حکومت مدت پوری کریگی:عثمان بزدار

  ملک کو کنگال کرنیوالوں کی سیاست ختم،حکومت مدت پوری کریگی:عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کو کنگال کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی، سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے پہلے اپنے دور کی لوٹ مار کا حساب دیں جبکہ سازشی عناصر پہلے کی طرح آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ برس میں عوامی فلاح کے پائیدار کام کئے ہیں جبکہ ماضی کے حکمران ذاتی نمود و نمائش پر اربوں روپے صرف کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہیں۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، ان ہاؤس تبدیلی آئے گی نہ مڈ ٹرم الیکشن ہوں گے اور خواب دیکھنے والوں کے ارمان دل میں ہی رہ جائیں گے اور انشاء اللہ اگلے الیکشن بھی تحریک انصاف جیتے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے زیر صدارت اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود سے متعلق امور،ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا،اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی نے تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کی فلاح وبہبوداوردیگرمتعلقہ امورطے کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے جبکہ ترقی میں برابر کا حصہ دیں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ بجٹ سے پہلی اقلیتی عوامی نمائندوں سے تجاویز لیکر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیں گے،اقلیتی بھائیوں کے تمام مسئلے حل کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شہید کرنل مجیب الرحمان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن میں 4افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے باغبانپورہ میں گھر سے 3 لاشیں ملنے کے واقعہ کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف مہیا کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سکردو کے علاقے یولبو کے مقام پر دریائے سندھ میں مسافر کوچ گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول