تنظیم مشائخ عظام نے حضرت علیؓ کا یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا
لاہور (لیڈی رپورٹر)تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں خلیفہ چہارم، داماد رسول ؐ حضرت علی ؓ کا یوم ولادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس حوالے سے تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے ذیلی حلقوں میں مختلف تقاریبات کا اہتمام کیاگیا۔ جبکہ حضرت علیؓ کے جشن ولادت کی مرکزی تقریب تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی کی زیر صدارت منعقد کی گئی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی نے کہاکہ سرکار سیدناعلی المرتضیٰ ؓ جرات و بہادری کا عظیم سرچشمہ ہیں، آپ ؓ نے اشاعت اسلام اور دین کی سربلندی کیلئے فقیدالمثال کردار ادا کیا۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی، صاحبزادہ طہور احمد نقشبندی، صاحبزادہ محی الدین نقشبندی اور محمد اکمل نقشبندی سمیت دیگر نے بارگاہ رسالت ماب صلی اللہ علیہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔