تارکین وطن کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے راغب کرینگے:فیڈمک

تارکین وطن کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے راغب کرینگے:فیڈمک

  



فیصل آباد (اے پی پی): فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی سی پیک ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 4سالہ اقساط پر جگہ فراہم کرے گی جبکہ یو کے کے کامیاب روڈ شوز کے بعد دیگر ممالک میں بھی سرمایہ کاروں کوفیصل آباد انڈسٹریل زون میں صنعتیں لگانے کی ترغیب دینے کیلئے اسی قسم کے روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا اور حکومتی اقدامات سمیت انتہائی حوصلہ افزاء پیشرفت کے باعث 10ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر مشتمل فیڈمک انڈسٹریل زون ملک کے سب سے کامیاب صنعتی زون کا درجہ حاصل کر ے گا نیز سمندر پار پاکستانیوں کو بھی اپنا سرمایہ اپنے ملک میں محفوظ طریقے سے انویسٹ کرنے کی جانب راغب کیا جائے گا تاکہ وہ بھی حکومتی پالیسی سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ چیئر مین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے پیر کے روز برطانیہ سے وطن واپسی کے بعد اے پی پی سے بات چیت کے دوران کہا کہ دورہ برطانیہ میں برطانوی نژاد پاکستانی و برطانوی بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی کامیاب رہیں اور امید ہے کہ باہمی تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے صنعتی، تجارتی، کاروباری امکانات سے بھر پور استفادہ کر سکیں گے۔انہوں نے بتایاکہ اوور سیز پاکستانیوں کو فیڈمک کے صنعتی زونز میں ون ونڈوآپریشن سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالے سرمایہ داروں اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ حکومت بھرپور تعاون کررہی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو سی پیک کے تحت بننے والے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنے پر بزنس سیٹ اپ کیلئے درکار ہر ممکن تعاون بھی فراہم کیا جا رہا ہے یہی نہیں بلکہ یہاں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو مشینری کی ڈیوٹی فری امپورٹ اور 10 سال تک کی انکم ٹیکس چھوٹ کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن سے لے کر کاروبار شروع کرنے تک فیڈمک کی طرف سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ فیڈمک کے صنعتی زونز کا مجموعی رقبہ 10 ہزار ایکڑ سے زائد ہے اور یہ پاکستان کا سب سے کامیاب اوربڑاصنعتی زون ہے جو ملک کے وسط فیصل آباد میں موجود ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی حالت بہت بہتر ہوچکی ہے۔

جس کی وجہ سے برطانیہ نے سفری پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں اسلئے اب جو اوورسیز پاکستانی اس صنعتی زون میں سرمایہ کاری کریں گے ا نہیں اپنی سرمایہ کاری کا بھرپور فائدہ ملے گا۔میاں کاشف اشفاق نے بتایاکہ پاکستان ہر سال برطانیہ کو ایک ارب 80 کروڑ ڈالر سے زائد کی مصنوعات برآمد کرتا ہے جبکہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے فعال ہونے سے برآمدات کے حجم میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کے دورہ کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی ان کے ہمراہ تھے جس کے باعث پاکستانی کمیونٹی اور وہاں کے صنعتی و کاروباری شعبہ سے تعلق رکھنے والوں نے نہ صرف حکومت پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہا رکیا بلکہ کھلے دل سے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری کی یقین دہانی بھی کروائی۔چیئر مین فیڈمک نے اپنے دورہ کو کامیاب اور انتہائی مثبت و حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس تعداد میں برطانوی نژاد سمندر پار پاکستانیوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں انویسٹمنٹ کی حامی بھری ہے اگر ان میں سے نصف کے قریب بھی یہاں سرمایہ کاری کر لیں تو پاکستان کی معاشی حالت میں شاندار بہتری آجائے گی۔انہوں نے بتایاکہ تمام حکومتی اداروں کے ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہونے سے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی میں مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے بہترین انفراسٹرکچر اور جیو گرافک لوکیشن کے باعث کاروبار کیلئے موزوں ترین علاقہ بن چکا ہے اور پاکستان سے یورپ سمیت پوری دنیا میں ایکسپورٹ انتہائی آسان ہو رہی ہے جس کا فائدہ ہر حال میں پاکستان کو ہی ہو گا۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کاروباری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں فیڈمک کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنے کے وعدے کیے ہیں جن کے ساتھ بہت جلد معاہدے طے پا جائیں گے۔ روڈ شوز کے حوالے سے میاں کاشف اشفاق نے بتایاکہ یہ روڈ شوز پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کیلئے کئے گئے تھے جن کے انعقاد و کامیابی میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کیلئے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانچسٹر لندن کے ہاؤس آف لارڈز اور پاکستانی ہائی کمیشن میں ہونیوالی تقریبات میں اوور سیز پاکستانیوں اور برطانوی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے فیڈمک کے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین پراجیکٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو دس سال تک انکم ٹیکس میں چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشینر ی کی امپورٹ کی سہولیات دی جا رہی ہیں جس پر برطانوی بزنس کمیونٹی نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ موٹروے پر واقع ہونے کی وجہ سے فیڈمک کے اکنامک زونز سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں تیز رسائی ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم تھری  انڈسٹریل سٹی میں پہلے ہی درجنوں غیر ملکی کمپنیاں اپنے پروڈکشن پلانٹ لگا کر پوری دنیا میں اپنی مصنوعات برآمد کر رہی ہیں جبکہ اگلے چھ ماہ میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بھی بنیادی ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے جس کے بعد وہاں مزید صنعتی یونٹس کے قیام کا آغاز ہو جائے گا۔

مزید : کامرس