تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فئدہ فوری منتقل کیا جائے:راولپنڈی چیمبر
راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں موجودہ معاشی صورتحال پر تاجروں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیاہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کا فائدہ براہ راست انڈسٹری تک پہنچایا جائے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔ ایف بی آر اور دوسرے حکام ٹیکس کلیکشن کی آڑ میں تاجروں کو ہراساں نہ کر یں۔شرح سود میں فوری طور پر ایک سو بنیادی پوائنٹس کی کمی کی جائے۔فروری میں پاکستان میں افراط زر میں دو فیصد کی کمی آچکی ہے اس لیے شرح سود برقرار رکھنے کو کوئی جواز نہیں ہے۔ موجودہ 13.25فی صد کی شرح برقرار رکھنے سے مارکیٹ خاص طور پر نجی شعبے میں غیر یقینی میں اضافہ ہو گا۔ حکومت فوری طور پر ایس ایم ایز اور کاٹیج انڈسٹری کے لیے پیکیج لے کر آئے۔ پٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی شرح کم کی جائے۔حکومت حالات کی سنگینی کا احساس کرے، بزنس کمیونٹی کی طرف سے یہ ایس او ایس کال ہے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش، آر سی سی آئی کے سابق صدور،شہر کی انجمن تاجران کے صدوراور رئیل سٹیٹ،آٹو، آٹو سپیئر پارٹس، جمز اینڈ جیولری، ایچ وی اے سی آر،، فرنیچر، شو، ماربل انڈسٹری سمیت اہم شعبوں کے نمائندوں اور عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمجھتی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی کا اعلان توقعات سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی بحالی اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ شرح سود میں فوری کمی لائی جائے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اشاریے منفی ہیں۔ رئیل سٹیٹ اور آٹو سیکٹر میں پیداوار منفی ہے۔ یہ وہ سیکٹرز ہیں جن سے ستر سے زائد دوسری انڈسٹری جڑی ہوئی ہیں۔ جی ایس پی سہولت سے فائدہ تب ہو گا جب مقامی طور پر صنعت مستحکم ہو گی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور معاشی سست روی پاکستان کے لیے اہم موقع فراہم کر رہی ہیں۔ ایسے موقعے بار بار نہیں آتے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکس امور کمیٹی کے کنوئینر و سابق صدر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ برآمدات پر مبنی سیکٹرز کی گروتھ کے لیے ضروری ہے کہ کم شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کاروباری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ زیادہ شرح کے باعث بڑے پیمانے کی صنعت سکڑ کر رہ گئی ہے۔ شرح سود میں فوری کمی لائی جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔انہوں نے شرکاء کی جانب سے ٹیکس امور پر تجاویز کا خیرمقدم کیا۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک، گروپ لیڈر سہیل الطاف موجودہ معاشی صورتحال پر تاجروں کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں