پاکستانی تاجر روس میں سرمایہ کاری کریں:جواد الرحمٰن شیکریہ

  پاکستانی تاجر روس میں سرمایہ کاری کریں:جواد الرحمٰن شیکریہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ماسکو میں موجود روس کے ساتھ تعاون کرنے والی بزنس ایسوسی ایشن نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے چیمبر میں روس میں کاروبار کرنے کے بارے میں ایک سمینار منعقد کیا جس میں تاجر برادری کو روس کی مارکیٹ میں ان کیلئے کاروباری مواقعوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روس کے ساتھ تعاون کرنے والی ایسوسی ایشن کے صدر جواد الرحمٰن شیکریہ نے کہا کہ ٹیکسٹائل مصنوعات، یارن، چمڑے کی مصنوعات،موٹر بائیکس اور ان کے پرزہ جات سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات روس کی مارکیٹ میں برآمد کی جا سکتی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری روس کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر پاکستان کی فارماسوٹیکلز کیلئے روس ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جہاں انڈیا کی کمپنیوں نے قبضہ کیا ہوا ہے حالانکہ پاکستان کی فارماسوٹیکلز کوالٹی کے لحاظ سے انڈیا کی ادویات سے بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن پاکستان کی تاجر برادری کو روس میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے لیکن پاکستان کی روس کے ساتھ باہمی تجارت صرف 570ملین ڈالر تک ہے جو بہت ہی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ٹیکسٹائلز، تیل و گیس، پیٹرولیم اور دفاعی پیداوار سمیت متعدد شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کی تاجر برادری روس کی مارکیٹ پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن ان کاوشوں میں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔روس کی موسیگرانٹ کمپنی کی ڈائریکٹر محترمہ مدینہ تاویٹوواجیروگیوانا نے اس موقع پر تاجر برادری کو روس میں کاروبار کرنے کے قواعد و ضوابط اور ٹیکس معاملات کے بارے میں تفصیلی پرزینٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ روس ایک بڑی اقتصادی طاقت ہے اور پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس میں کاروبار کرنا کافی آسان ہے اور ٹیکس ریٹ بھی کافی کم ہے لہذا پاکستان کی تاجر برادری روس کی مارکیٹ میں پائے جانے والے کاروباری مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان کی متعدد مصنوعات دوسرے ممالک کے لیبل اور برانڈنگ کے ذریعے روس سمیت دیگر ممالک کو برآمد کی جا رہی ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اور روس کی بزنس کمیونٹی براہ راست روابط قائم کر کے آپس میں کاروبار کرنے کے مواقع تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے پاس ایڈوانس ٹیکنالوجی و مشینری ہے اور پاکستان روس کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر اپنی معیشت کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کے سرمایہ کار پاکستان میں تیل و گیس اور معدنیات کی تلاش سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کر سکتے ہیں لہذا انہوں نے ماسکو کی پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے والی بزنس ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ روس کے سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں کاروباری شراکتیں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر آمادہ کرے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد روس لے جانے پر غور کر رہا ہے تا کہ روس کی مارکیٹ میں پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقعوں کو تلاش کیا جاسکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بزنس ایسوسی ایشن ان کے وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی۔اس موقع پر شرکاء نے روس کے ساتھ کاروبار کرنے کے بارے میں مختلف سوالات کئے جن کے تفصیلی جوابات دیئے گئے۔

مزید :

کامرس -