سٹاک مارکیٹ کریش،ڈالر پھر بے قابو،عالمی مندی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے بعد دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹیں مندی کا شکار،پاکستان سٹاک مارکیٹ 1160پوائنٹ گر گئی،ڈالر کی قیمت میں 3.26روپے اضافہک،سونا 700روپے تولہ مہنگا

سٹاک مارکیٹ کریش،ڈالر پھر بے قابو،عالمی مندی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ ...

  



بیجنگ/ووہان/برسلز/تہران /نیویارک/برلن/منیلا /ٹوکیو/جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے باعث ہلاکتو ں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، نیٹونیبرسلز میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر میں ناول کورونا وائرس انفیکشن کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اٹلی میں تعطیل سے واپس آئے عملے کے ایک ممبر کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے باعث نیٹو ہیڈ کوارٹرز مین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،چین میں مزید 22افراد ہلاک ہوگئے،ایران میں کرونا سے ہلاکتیں 237 اور مصدقہ مریضوں کی تعداد7161 ہوگئی جبکہ 70ہزار قیدیوں کوجیلوں سے رہا کردیا گیا،جاپان میں مز ید 33افراد وائرس سے متاثر ہونے کے بعد مجمو عی تعداد 480 اوراموات 14 ہوگئیں،جرمنی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 902 ہوگئی، وزیرصحت نے تمام بڑی تقریبات ملتوی کرنے کا مشورہ دیدیا،فلپائن نے عوامی صحت کی ہنگامی حالت کا اعلان کردیا،امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی،کینیڈا نے کیلی فورنیا کے ساحل پر روکے جا نے والے کروز جہاز سے خصوصی طیارہ کے ذر یعے اپنے کینیڈین شہر یوں کو واپس لا نے کا اعلان کردیا۔۔اتوار کے آخر تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 3 ہلاکتوں سمیت 114 مریضوں،مکاؤ خصوصی انتظامی علاقہ میں 10 مصدقہ مریضوں جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 45 مصدقہ مریضوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس کی وبا سے7ہزار161 افراد متاثر ہوئے ہیں،یہ بات ایرانی وزارت صحت وطبی تعلیم نے پیر کو بتائی۔وزارت کے تعلقات عامہ و اطلاعت مرکز کے سربراہ کیانوش جہانپور نے بتایا کہ وائرس سے متاثرہ کل افراد میں سے237 ہلاک ہو چکے ہیں۔۔ 7 مزید ممالک میں مقامی طور پر کرونا وائرس پھیلنے کے بعد دنیا بھر کے ملکوں اور خطوں کی مجموعی تعداد چین سمیت 53 ہوگئی ہے جہاں مقامی طور پر کرونا وائرس پھیل چکا ہے ، یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے کرونا وائرس کے بارے میں روزانہ کی صورتحال بارے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔ان سات ملکوں میں کمبوڈیا، آسٹریا،ھنگری، مصر، پیرو، بلغاریہ اور مالدیپ شامل ہیں۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کل مصدقہ مریضوں کی تعداداب ایک لاکھ 5 ہزار586 ہو چکی ہے جوکہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ہزار 656 زیادہ ہے جن میں چین سے باہر کے 3 ہزار 610 کیسز بھی شامل ہیں۔دوسری طرف قطر نے کرونا وائرس سے بچاو کیلئے پاکستان سمیت 14ممالک پر سیاحتی ویزے کی پابندی عائد کر دی۔۔ کراچی اور اسلام آباد سے دوحہ جانیوالی پروازوں سے 96 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق آن لائن یا آن ارائیول ویزہ پر پاکستانیوں کو قطر آنے کی اجازت نہیں۔ صرف ورک ویزہ یا کنیکٹنگ پروازوں کے مسافر قطر جا سکتے ہیں۔قومی ایئرلائن (پی آئی اے)نے قطر کیلئے اپنا فضائی آپریشن 31مارچ تک عارضی طور پر معطل کردیا ہیجبکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پاک افغان بارڈر کو مزید 7 روز کے لئے بند کر دیا گیا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان سرحد آٹھویں روز بھی بند رہی، وفاقی حکومت کے حکم کے تحت پاک افغان بارڈر آج آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھلنا تھا تاہم وفاقی حکومت کی ہدایت پر باب دوستی مزید 7 روز تک بند کر دیا گیا۔گذشتہ روز ایف سی حکام کیساتھ چیمبر آف کامرس، قبائلی عمائدین نے ایک اجلاس میں پاک افغان بارڈر کی مذید بندش سے اختلاف کیا تھا تاہم صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے سرحد کو مزید بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سرحد کی بندش سے نیٹو سپلائی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سینٹرل ایشیائی ممالک کیساتھ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔دبئی ائیرپورٹ حکام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے جب کہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کی ابھی اسکریننگ نہیں کی جا رہی سعودی عرب سے پاکستان آنے والے تین مسافروں کو کورونا وائرس کے شبہے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس کے شبہے میں جدہ سے آنے والی خاتون سمیت 3 مسافروں کو نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔مصر میں وزارتِ صحت نے اتوار کو کرونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق کی ہے، مگر مرنے والا مصری نہیں،ایک جرمن شہری ہے۔دریں اثناسعودی عرب نے مزید 9 ممالک کے لیے سفر پر عارضی پابندی کا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک سے آنے والوں کا مملکت میں داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ اْن افراد کے داخلے پر بھی پابندی ہو گی جو مملکت آمد سے قبل 14 روز کے دوران ان ممالک میں موجود تھے۔ ان 9 ممالک میں متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، جنوبی کوریا، مصر، اٹلی اور عراق،شامل ہیں

کرونا ہلاکتیں

اسلام آباد واشنگٹن، ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں کے باعث تمام ممالک کی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، تیل کی طلب میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں، عالمی منڈی میں 26 فیصد تک قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹیں بھی بیٹھ گئیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 1991 کی خلیجی جنگ کے بعد 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں، امریکی خام تیل کی قیمت 31 فیصد کمی کے بعد 28 ڈالر 56 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔برطانوی خام تیل 29 فیصد کمی کے بعد 32 ڈالر اکیس سینٹ فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔ دوسری طرف اوپیک اجلاس میں روس نے تیل کی یومیہ پیداوار میں کمی سے انکار کر دیا جس کے باعث سعودی عرب نے تیل کی قیمتیں کم کر دیں جس کے بعد عالمی منڈی میں قیمتوں میں بڑی کمی آئی ہے۔ادھر دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رحجان رہا، جاپان سٹاک مارکیٹ میں 7 فیصد کی کمی ہوئی، تھائی لینڈ سٹاک مارکیٹ 6 فیصد، جنوبی کوریا سٹاک مارکیٹ 4 فیصد، چینی سٹاک مارکیٹ 3 فیصد تک گر گئی، ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں ساڑھے 3 فیصد، بھارت 3 فیصد، سنگا پور 4 فیصد، بنگلہ دیش سٹاک مارکیٹ میں 2.2 فیصد کمی ہوئی۔پاکستان میں بھی پیر کے روز سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی کاروباری ہفتے کے آغاز پر ملکی تاریخ کی ایک دن میں سب سے بڑی مندی، کے ایس ای100انڈیکس میں 2100سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 36112پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا، انتظامیہ کی جانب سے وقفہ کے بعد ٹریڈنگ معمول پر آگئی لیکن مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ سے نہ نکل سکی،کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس38ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 1160.72پوائنٹس کی کمی سے37058.95پوائنٹس پر بند ہوا،جس کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک کھرب84ارب7کروڑ16لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر360کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے125کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ218 میں کمی جبکہ17 میں استحکام رہاجبکہ 60.55فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب انٹر بینک میں پیر کو امریکی ڈالرکی قدر میں 3.26 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.50روپے کا اضافہ ہواجبکہ یورو کی قدر میں بھی 3روپے اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں بھی 2روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید154.24روپے سے بڑھ کر 157.50روپے اور قیمت فروخت154.34روپے سے بڑھ کر 157.70روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قیمت خرید154روپے سے بڑھ کر156.50روپے اورقیمت فروخت154.30روپے سے بڑھ کر157روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 9ڈالر کمی سے 1666ڈالرہوگئی جبکہ پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 700روپے کا اضافہ ہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 95ہزار200روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 600روپے اضافے سے81618روپے ہوگئی۔

سٹاک مارکیٹیں

مزید : صفحہ اول