دینی تعلیم کے فروغ میں پاکستانی مدارس اہم کردار ادا کر رہے ہیں:گورنر سندھ

دینی تعلیم کے فروغ میں پاکستانی مدارس اہم کردار ادا کر رہے ہیں:گورنر سندھ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد 2020ء میں شرکت کی۔ جامعہ کے سربراہ مفتی محمد نعیم نے اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے گورنرسندھ کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ دینی تعلیم کے فروغ میں پاکستانی مدارس اہم کردار ادا کررہے ہیں، ایک مدرسہ کو جدید طرز تعلیم سے آراستہ کرنے پر جامعہ بنوریہ کی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ بنوریہ میں فراہم کی جانے والی جدیدتعلیمی سہولیات اورطلباکی صلاحیتوں نے متاثر کیابلاشبہ یہ قابل فخر ادارہ ہے جہاں 3000 مقامی اور 53 ممالک کے ایک ہزار غیر ملکی طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ گورنرعمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم مدارس کے تعلیم یافتہ طلباء کو بھی دیگر کی طرح بھرپور مواقع فراہم کرنے کے وژن پر گامزن ہیں نوجوان ہمارا مستقبل، ان کی صلاحیتوں کو درست سمت استعمال کرنا انتہائی نا گزیر ہے وزیرا عظم پاکستان کو اپنے نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے عمران خان نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ یہ اپنی صلاحیتوں کومزید نکھارسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعہ نوجوان کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا سنہری موقع ہے مدارس سے فارغ التحصیل نوجوان بھی اس پروگرام سے فائدہ اْٹھا سکتے ہیں اب نوجوان کسی بھی بزنس یا اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے 50 لاکھ روپے تک قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔ گورنرسندھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں زیر تعلیم غیر ملکی طالب علموں کے ویزہ کے ضمن میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیاگیا جس پر گورنرسندھ نے کہا کہ وہ اس ضمن میں متعلقہ وزارت کے حکام سے بات کرینگے۔بعد ازاں گورنرسندھ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں شیلڈ زتقسیم کیں۔

مزید : صفحہ اول