نعمت اللہ خان ایک شجر سایہ دار تھے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

  نعمت اللہ خان ایک شجر سایہ دار تھے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہاہے کہ سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ ایک فرد نہیں بلکہ ایک جہد مسلسل اور ایک شجر سایہ دار تھے، نعمت اللہ خان نے کراچی کو امن و محبت اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد کی اور بحیثیت ناظم کراچی بلا تفریق شہر کراچی کے لئے کام کیا اور خدمت و دیانت کی اعلی مثالیں قائم کیں، کراچی سمیت پورے ملک میں امن و محبت، ترقی و خوشحالی اور اسلام کی سر بلندی و انسانیت کی خدمت ان کا مشن تھا اورہمیں ان کے مشن اور جدوجہد کو جاری رکھنا ہے، ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے نعمت اللہ خان مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں جماعت اسلامی حلقہ رحیم آباد بلاک 17 کے زیر اہتمام عیدگاہ گراونڈ میں گو گرین شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ،ناظم علاقہ سمن آباد شعیب احمد، نائب ناظم علاقہ مفتی فیصل شیخ، سابق یوسی ناظم سجاد حیدر دارا، چئیرمین پبلک ایڈ کمیٹی یوسی 27 شعیب فیاض، صدر جے آئی یوتھ علاقہ سمن آباد عمیر احمد، ناظم حلقہ رحیم آباد طحہ احمد، نائب ناظم طلحہ محمودسمیت جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ نعمت اللہ خان کی خدمات کے اعتراف میں گو گرین شجر کاری مہم کو ان کے نام سے منسوب کرنا خوش آئند قدم ہے،شہر کراچی کی تعمیر وترقی کیلئے نعمت اللہ خان کے کئے گئے تمام کام صدقہ جاریہ ہیں اور اب ان کے نام سے لگائے گئے سینکڑوں درخت بھی ان کے لئے صدقہ جاریہ ہوں گے، گو گرین شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی کو جدید میگا سٹی بنانے کا سہرا نعمت اللہ خان کے سر ہے، ان کے دور میں کراچی میں سڑکوں،، فلائی اوورز، اسکولز، کالجز، اسپتال اور تعمیر و ترقی کے سینکڑوں منصوبوں کا جال بچھ گیا تھا،شہر کراچی کو ایک بار پھر نعمت اللہ خان کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ آئندہ کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ایک بار پھر کامیا ب ہوکر مئیر عبد الستار افغانی اور ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے مشن کو آگے بڑھائے گی، محمد حسین محنتی نے کہا کہ میں گو گرین شجر کاری مہم کے تمام منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنھوں نے شہر کو آلودگی سے بچانے اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لئے شجر کاری مہم شروع کی ہوئی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ پودے بہت جلد سایہ دار اور پھل دار درخت بن کرماحول کو صحت مند اور خوشنما بنائیں گے،امیر جماعت اسلامی ضلع گلبر وسطی فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ نعمت اللہ خان کا مشن جاری رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ہمیں جماعت اسلامی پر فخر ہے جس نے کراچی کی خدمت کیلئے عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان جیسے دیانت دار، باہمت اور عظیم انسانوں کو تیار کیا اور لوگوں کے لئے مشعل راہ بنایا

مزید : صفحہ اول