آٹا چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے،جام اکرام

  آٹا چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے،جام اکرام

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو اپنی صفوں میں تلاش کرکے ان کے خلاف کارروائی کرے تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث صنعتیں زوال کا شکار ہیں جس نے بیروزگاری کے طوفان کو جنم دیا اور ایک محتاط سروے کے مطابق موجودہ وفاقی حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث اب تک کئی لاکھ افراد بیروزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کا معاشی قتل عام کررہی ہے جو انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ معاشی بدحالی کا شکار عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ کراچی کے لئے اعلان کردہ وفاقی حکومت کے منصوبے صرف کاغذی کارروائی دکھائی دیتے ہیں اور حقیقت سے ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کے ساتھ مخلص ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روزگار کے دروازے عوام پر کھولے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے عوام سے روزگار چھین رہی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام آدمی کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ عام آدمی خوشحال ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ صوبے بھر میں صنعتوں کا جال بچائے تاکہ روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں۔

مزید : صفحہ آخر