پی ایس ایل 5: اب تک کی بہترین کارکردگی کس نے دکھائی؟ نجی ٹی وی چینل تفصیلات سامنے لے آیا

پی ایس ایل 5: اب تک کی بہترین کارکردگی کس نے دکھائی؟ نجی ٹی وی چینل تفصیلات ...
پی ایس ایل 5: اب تک کی بہترین کارکردگی کس نے دکھائی؟ نجی ٹی وی چینل تفصیلات سامنے لے آیا

  



لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 میں چھکوں، چوکوں اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پہلی مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے زیادہ تر میچز میں بلے بازوں کا پلڑا بھاری رہا ہے تاہم کچھ گیند بازوں کی جانب سے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین سب پر بازی لے گئے۔ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ رنز وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز لیوک رونکی نے بنائے ہیں۔انہوں نے آٹھ میچز میں 156 کی اسٹرائیک ریٹ اور 38 کی اوسط سے 266 رنز بنائے جبکہ ان کا بہترین اسکور 85 رنز ہے۔ وہ دو نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔دوسرے نمبر پر شاداب خان ہیں جن کی بلے بازی شائقین کرکٹ کے لیے ناصرف مثبت حیرانی کا باعث ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی بہترین خبر ہے۔

شاداب نے اب تک کھیلے گئے آٹھ میچز میں 166 کی اسٹرائیک ریٹ اور 41 کی اوسط سے 251 رنز بنالیے ہیں۔ آل رائونڈر اب تک تین نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔فہرست میں تیسرا نمبر لاہور قلندرز کو کئی فتوحات سے ہمکنار کرانے والے بین ڈنک کا ہے جنہوں نے پانچ میچوں میں 201 کی اسٹرائیک ریٹ اور 83 رنز کی اوسط سے 250 رنز بنا رکھے ہیں۔ڈنک کی بیٹنگ کے باعث انہیں پاکستانی شائقین پیار سے سوشل میڈیا پر ’ببل مین‘ کے نام سے پکار رہے ہیں۔ وہ دو نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

رواں سال پی ایس ایل میں اب تک دو کھلاڑی ہی سنچریاں بناسکے ہیں جن میں پشاور زلمی کے کامران اکمل اور ملتان سلطانز کے رائلی روسو شامل ہیں۔کامران اکمل 101 رنز کے ساتھ سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے بلے باز ہیں۔ یہ اسکور انہوں نے 55 گیندوں پر چار چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بنایا تھا۔رائلی روسو فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے کوئٹہ ہی کے خلاف 44 گیندوں پر 100 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔اپنی اننگز کے دوران انہوں نے 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔تیسرا نمبر لاہور قلندرز کے بین ڈنگ کا ہے جنہوں نے گزشتہ روز 99 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کراچی کنگز کے خلاف فتح سے ہمکنار کرایا۔اپنی اننگز کے دوران انہوں نے 12 چھکے اور تین چوکے لگائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 247.5 تھا۔

ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ چھکے بین ڈنک نے لگائے ہیں جنہوں نے پانچ میچز میں 23 مرتبہ گیند کو بائونڈری سے پار لگایا۔فہرست میں دوسرا نمبر شاداب خان کا ہے جنہوں نے 15 چھکے لگائے جبکہ تیسرا نمبر کولن منرو کا ہے جنہوں نے 15 چھکے لگائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس مرتبہ پی ایس ایل میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے تاہم ان کے بولر محمد حسنین نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لے رکھی ہیں۔حسنین نے آٹھ میچز میں 9.1 کے اکانومی ریٹ اور 18.2 کے اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔فہرست میں دوسرا نمبر ملتان سلطانز کے لیگ اسپنر عمران طاہر کا جنہوں نے 7.4 کی اکانومی اور 15.6 کی اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔تیسرے نمبر پر کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر ہیں جنہوں نے سات میچز میں 7.6 کی اکانومی اور 20.4 کی اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پی ایس ایل فائیو میں اب تک سب سے زیادہ کیچز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رائونڈر محمد نواز نے پکڑے ہیں۔نواز اب تک کھیلے گئے آٹھ میچز میں سات کیچز پکڑ چکے ہیں۔ فہرست میں دوسرا نمبر کراچی کنگز کے جیمز ونز کا ہے جنہوں نے پانچ میچز میں چھ کیچز پکڑے ہیں۔فہرست میں تیسرا نمبر پشاور زلمی کے ٹوم بینٹن کا ہے جنہوں نے چھ میچز میں چھ کیچز پکڑے۔

مزید : PSL /PSL News Update