وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی میں کرونا وائرس کی تصدیق کی خبریں، آصف حیدر شاہ نے ویڈیو پیغام جاری کردیا

وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی میں کرونا وائرس کی تصدیق کی خبریں، آصف حیدر شاہ نے ...
وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی میں کرونا وائرس کی تصدیق کی خبریں، آصف حیدر شاہ نے ویڈیو پیغام جاری کردیا

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے،آج کراچی میں مزیدنو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد سترہ ہوگئی ہے۔

میڈیا پر خبریں چل رہی تھیں کہ مراد علی شاہ کے بہنوئی آصف حیدر شاہ کو کرونا وائرس ہوگیا ہے، وہ ایران سے پاکستان آئے تھے، انہیں کراچی کے نجی ہسپتال میں قرنطینہ کردیا گیا ہے تاہم اب انہوں نے خود ہی ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن آصف حیدر شاہ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور اپنے سرکاری امور کی سرانجام دہی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں ہیں اور منگل کے روز ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی شریک تھے۔

انہوں نے ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔

ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کل 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا وائرس کے 5 مریضوں نے شام براستہ دوہا سے کراچی سفر کیا۔کورونا وائرس کے3 مریضوں نے لندن سے دبئی کے راستے کراچی کا سفر کیا تھا، جبکہ ضلع شرقی کے رہائشی 53 سالہ متاثرہ شخص نے حال ہی میں شام اور قطر کا سفر کیا۔

متاثرہ افراد کے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، کورونا وائرس سے متاثرہ افرادسے رابطے میں رہنے والے تمام افرادکو تلاش کیا جارہا ہے جبکہ جن افراد کا پتا لگایا جاچکا ہے انھیں قرنطینہ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

کراچی میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس کے کل 13 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے ایک شخص کو صحت یاب ہونے کے باعث اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ 12 مریض زیر علاج ہیں، مجموعی طور پر ملک بھر میں کورونا وائرس کے 17 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی سفارش کردی تاہم سندھ حکومت نے یہ سفارشات مسترد کردی ہیں۔

مزید : قومی /علاقائی /سندھ /کراچی