اپنی موت کا ڈرامہ کرنے والے شخص کو جیل بھیج دیا گیا؟ لیکن ایسا کیا کیوں؟ وجہ انتہائی دلچسپ
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں بینک کا قرض واپس کرنے سے بچنے کے لیے ایک آدمی نے ایسا کام کر ڈالا کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی۔ گلف نیوز کے مطابق اس 50سالہ اماراتی شہری نے بینک سے 7لاکھ درہم کا قرض لے رکھا تھا۔ اس رقم کی واپسی سے بچنے کے لیے اس شخص نے اپنی موت کا ڈرامہ رچا دیا اور اس ڈرامے میں اس کے والد اور بیوی نے بھی اس کا ساتھ دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس شخص نے یمن میں اپنی موت کا ڈرامہ کیا اور یمنی حکام سے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوا کر وہاں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے اس کی تصدیق بھی کروا لی۔ یہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ اس کی بیوی اور والد نے لیجا کر بینک والوں کو دے دیا۔ یہ آدمی 2008ءمیں یمن گیا اور وہاں یہ سب کاررائی کی۔ اس کے بعد اس کا والد وہاں گیا اور اس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ لے کر متحدہ عرب امارات واپس آ گیا۔
اسی سرٹیفکیٹ پر اس شخص کی بیوی اپنے بچوں کے لیے ماہانہ مالی امداد بھی حکومت سے وصول کرتی رہی۔ ان سالوں میں اس خاتون نے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے 11لاکھ درہم وصول کیے۔ دو سال قبل ان کے اس ڈرامے کا بھانڈہ پھوٹ گیا اور تینوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اب عدالت نے موت کا ڈرامہ رچانے والے اس شخص کو 5سال، اس کے والد کو ایک سال اور اس کی بیوی کو 3ماہ قید اور 11لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔