شعیب ملک اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو اتنا ہدف دیدیا کہ ہر کوئی حیران پریشان رہ جائے

شعیب ملک اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو اتنا ہدف ...
شعیب ملک اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو اتنا ہدف دیدیا کہ ہر کوئی حیران پریشان رہ جائے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 24 ویں میچ میں پشاور زلمی نے شعیب ملک اور حیدر علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو 188 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ شعیب ملک نے 62 رنز بنائے جبکہ حیدر علی نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ جوڑی کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی ٹام بینٹن کو محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین کی راہ دکھا دی۔

لاہور قلندرز کے آل راﺅنڈر سمت پٹیل نے دوسرے ہی اوور میں اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلا دی اور لائم لیونگ سٹون ان کی گیند پر باﺅنڈری لگانے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، وہ صرف 4 رنز بنا سکے۔ اوپننگ بلے باز کامران اکمل کے ارادے خطرناک نظر آئے جنہوں نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 12 رنز کی اننگز کھیلی مگر اس سے پہلے کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے سمت پٹیل نے 24 کے مجموعی سکور پر انہیں بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔

تجربہ کار آل راﺅنڈر شعیب ملک اور نوجوان بلے باز حیدر علی نے عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 140 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر شعیب ملک ڈیوڈ ویزے کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں باﺅنڈری کے قریب کھڑے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ آل راﺅنڈر لوئس گریگوری نے میدان میں آتے ہی ڈیوڈ ویزے کو زوردار چھکا رسید کر کے جارحانہ عزائم ظاہر کئے تاہم 155 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے انہیں کلین بولڈ کر دیا، وہ 4 گیندوں پر 1 چھکے کی مدد سے 8 رنز بنا سکے۔ حیدر علی نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور تمام باﺅلرز کو ہی باﺅنڈریز لگائیں مگر 157 کے مجموعی سکور پر وہ دلبر حسین کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ کپتان وہاب ریاض بلے سے متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 1 سکور بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ حسن علی نے 7 اور کارلوس بریتھ ویٹ 16 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سمت پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دلبر حسین اور ڈیوڈ ویزے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لائم لیونگ سٹون، کامران اکمل، حیدر علی، ٹام بینٹن، شعیب ملک، لوئس گریگوری، کارلوس بریتھ ویٹ، حسن علی، راحت علی اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، کرس لین، محمد حفیظ، بین ڈنک، شاہین شاہ آفریدی، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، حارث رﺅف، معاذ خان اور دلبر حسین شامل ہیں۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update