موسمیاتی تغیر سے بچنے کیلئے شجرکاری وقت کی ضرورت ہے : ثاقب ظفر
مظفرگڑھ(بیورو رپورٹ،نیوز رپورٹر، تحصیل رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن )ر( ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ خطوں کی بدلتی ہوئی آب وہو ا سے انسانی زندگی سمیت ہر جاندار متاثر ہورہا ہے خشک سالی اور بے موسمی سیلاب کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے، ان موسمیاتی تغیر سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری وقت کی ضرورت ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرگڑھ کے علاقہ کوٹلہ سادات میں محکمہ جنگلات(بقیہ نمبر65صفحہ7پر )
کی 10ایکٹر اراضی پر وسیع پیمانے پر شجر کاری کا مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنگلات و ماہی پروری سرفرازخان مگسی اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ آغا ظہیر عباس شیرازی،چیف کنزرویٹرجنگلات جنوبی پنجاب جاوید گل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن)ر( ثاقب ظفر نے کہا کہ اس مہم کے دوران جنوبی پنجاب میں 83 لاکھ30 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی کمی سے پیدا ہونیوالی گلوبل وارمنگ سے پوری نوع انسانی شدید خطرات سے دوچار ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کی زد میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ گلوبل اسٹینڈرڈ کے مطابق کسی بھی ملک کے 25 فیصد ایریا پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن پاکستان کے صرف پانچ فیصد رقبے پر جنگلات موجود ہیں جبکہ ہمارے پڑوس میں بھوٹان میں 60 فیصد اور انڈیا میں 33 فیصد رقبہ پر جنگلات ہیں۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ جنگلات کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں مرکزی حیثیت حاصل ہے اور ہماری آنیوالی نسل کے بقا کے لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر جنگلات لگائے جائیں۔ انہوں کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے جنگلات لگانیکی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب سرفراز خان مگسی نے اس موقع پر کہا کہہ موسم بہار کی شجرکاری مہم میں 83لاکھ30 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ 22لاکھ50 ہزار پودے اب تک لگا دئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مون سون2022 کی شجرکاری مہم میں 71 لاکھ50 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ ٹارگٹ سے بڑھ کر 78 لاکھ61ہزار پودے لگائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سال میں جنوبی پنجاب میں 8کروڑ45لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلعی بھر میں مجموعی طور پر موسم بہار کی شجری کاری مہم کے دوران7لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، دیگر سرکاری محکمہ جات کو1لاکھ25ہزار کا ہدف دیا گیا تھا، اب تک تمام سرکاری ادارے تقریبا 2لاکھ پودے لگا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کے مختلف مقامات پر محکمہ جنگلات کی اراضی پر وسیع پیمانے پر شجری کاری کی جارہی ہے جو مستقبل میں جنگل بن جائیں گے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مظفرگڑھ طارق سنانواں نے بتایا کہ کوٹلہ سادات میں 10ایکڑ پر پھلدار پودے اور سایہ دار درخت لگائے جائیں گے، جبکہ شجر کاری مہم کے دوران، نیم، سیرس، کیکر، سکھ چین اور پلکن کے پودے لگائے جارہے ہیں۔ رکھ خان پور میں 15ایکڑ پر شجر کاری کی جارہی ہے جہاں 10ہزار پودے لگائے جائیں گے ایک ایکڑ پر پارک بنایا جائے گا۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران بھی موجود تھے۔#