رمضان بازاروں کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا،ریلیف پیکیج کا نیا فارمولا تیار
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبہ بھر سمیت لاہور میں 313سستے رمضان بازار لگیں گے یاں نہیں،ماہ سیام میں 13روز باقی،معاملہ کھٹائی کا شکار ہوگیا، نگراں وزیر اعلی پنجاب رمضان بازاروں کا فیصلہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق نگراں حکومت نے پہلی بار ریلیف پیکج کا نیا فارمولہ سیٹ کر لیا ہے، نگراں حکومتی کیبنٹ کمیٹی نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سستے رمضان بازار لگانے سے صاف صاف انکار کر دیا ہے، کیبنٹ کمیٹی نے 5لاکھ مستحق گھرانوں کو چار ہزار فی کس دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 9 ارب کے ریلیف پیکج میں سے صرف دو ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلی پنجاب نے وزیر اعظم کو نئے منصوبے کے حوالے سے اعتماد میں لے لیا ہے،نگراں وزیر اعلی کابینہ مشاورتی اجلاس میں باقاعدہ منظوری دیں گے، 18سال بعد پہلی بار رمضان بازارنہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکومت کے نئے منصوبے کے تحت رجسٹرڈ مستحق گھرانوں تک نگراں حکومت سستا پیکج اناؤنس کرے گی، سستا رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کے ڈائریکٹ اکا ؤ نٹ میں چار ہزارروپے کی رقم بھیجی جائیگی۔ کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کو آٹا اور اکاؤنٹس میں رقم فراہم کی جائے گی جبکہ میگا سٹورز میں فری فوڈ ہیمپرز بھی فراہم کئے جائیں گے، حکومت کی پالیسی کے مطابق چلیں گے۔نگراں حکومت کو بھجوائی جانے والی سمری کے مطابق سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خورد و نو ش کے ریلیف پر 9 ارب روپے کی ڈیمانڈ کی گئی، لاہور کے 31 رمضان بازار لگانے کے اخراجات کا تخمینہ 65 کر و ڑ روپے لگایا گیا تھا۔