ملک میں اےک ہی دن انتخابات کروائے جائیں ‘ فائق شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر) چےئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ اداروں کی تقسیم سے حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے، تمام ادارے مل کر شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں اور چاروں صوبوں میں ایک ہی دن انتخابات کروائے جائیں، اسلام آباد اور ملتان میں وکلاءاور سیاسی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد فائق شاہ نے کہا کہ وکلاءقانون سازی اور قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنے کیلئے متحد ہو کر آگے آئیں اس کے بڑے دور رس اثرات ہوں گے، وکلا کی زمہ داری ہے کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے غیر جانبدار ہو کر فوری انصاف اور قانون کی پاسداری کا پرچم اٹھائیں قوم ساتھ دے گی امن ترقی پارٹی بھرپور معاونت کرے گی، ملک میں سیاسی عدم استحکام قانون اور آئین کی پامالی کی وجہ سے ہے، ہر طبقہ اپنی مرضی اور فائدے کا قانون پسند کرتا ہے، وکلا اور ججز کی زمہ داری ہے کہ وہ قانون و انصاف کو بے لاگ بنانے اور ہر فرد تک انصاف پہنچانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں، محمد فائق شاہ نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام حکمران اتحاد اور اپوزیشن کی غفلتوں کا محاسبہ کریں تاکہ غریب کش پالیسیوں کا خاتمہ ہو الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق، منشور اور سیاسی جماعتوں کے پروگرام پر بات کرے اور شفاف انتخابات کے لئے مکمل روڈ میپ دے تاکہ لاہور جیسے واقعات جنم نہ لیں ۔محمد فائق شاہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب، بلوچستان اور پسماندہ علاقوں کے حقوق کیلئے امن ترقی پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے عوامی استحصال کے خلاف بھرپور جدوجہد کرتے رہیں گے۔