مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کا تعلیمی بورڈز مالاکنڈ اور سوات کا دورہ 

 مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کا تعلیمی بورڈز مالاکنڈ اور سوات کا دورہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم رحمت سلام خٹک نے جمعرات کے روز مالاکنڈ اور سوات تعلیمی بورڈز کا دورہ کیا۔ تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے اپنے اپنے تعلیمی بورڈ کے قیام، امتحانات اور دیگر امور پر نگراں مشیر تعلیم کو جامع بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ مالاکنڈ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام مالاکنڈ، باجوڑ، دیر لوئر اور دیر اپر جبکہ سوات تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام سوات، بونیر اور شانگلہ کے اضلاع کے ریگولر اور پرائیوٹ طلبہ کے تعلیمی امتحانات کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔اس موقع پرنگراں مشیر تعلیم نے کہا کہ شفاف امتحانات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔انھوں نے نقل کے رجحان کو روکنے اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کے لئے امتحانی ہالوں میں طلبہ کی حاضری کو جلد از جلد ڈیجیٹائزڈ کرانے اور پرچوں کی مارکنگ کے طریقہ کار کو بھی جدید خطوط پر استوار کروانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ کسی بھی طالب علم کی حق تلفی نہ ہو اور طلبہ کو ان کی محنت کاحقیقی صلہ مل سکے۔رحمت سلام خٹک نے بجٹ معاملات کا سالانہ آڈٹ کروانے کی بھی ہدایت کی تاکہ بورڈ کے ریونیو اور اخراجات کا شفاف ریکارڈ قائم رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے امتحانات کے لیے تمام تر انتظامات بروقت مکمل کروائے جائیں۔بعد ازاں نگران مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک نے مالاکنڈ تعلیمی بورڈ کی زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا
 دورہ بھی کیا۔ انھوں نے کام کے معیار اور کوالٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سپورٹس کمپلیکس کو جلد از جلد اپنے مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔بعد ازاں نگراں مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے۔