نگران وزیراعلٰی سے وائس چانسلر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کی ملاقات
پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان سے وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے جمعرات کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور یونیورسٹی کے جملہ ملازمین کی طرف سے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے 16 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا جو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے قائم کردہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کئے جائیں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی انتظامیہ اور جملہ عملے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا عبدالولی خان یونیورسٹی کے عملے کا یہ جذبہ قابل تعریف اور دوسرے اعلیٰ تعلیمی اداروں کےلئے قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد ہمارا اخلاقی فریضہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور نگران صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کے لئے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کے مخیر حضرات، تعلیمی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے قائم کردہ وزیر اعلیٰ فنڈ میں دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن میں مردم شماری ڈیوٹی پر مامور پولیس وین پر نامعلوم افراد کے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔