وزیرمذہبی امور نےحج پالیسی 2023کا اعلان کردیا، اوورسیز پاکستانیوں کے لیےبھی سکیم متعارف

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پالیسی2023 کااعلان کردیا ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ حج کا کوٹہ ایک لاکھ79ہزار 210 روپے مختص کیا گیا ہے ، سولہ سے اکتیس مارچ تک حج درخواستیں وصول کی جائیں گی جبکہ اپریل کے پہلے ہفتے میں قرعہ اندازی کی جائیگی، حکومت نےحج کے لیے65 سال عمر کی حد بھی ختم کردی ہے۔
مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سپانسر حج سکیم متعارف کروادی گئی ہے، جس کے ذریعے پاکستان کو 194 ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں گراوٹ کی وجہ سے حج مہنگا ہوا ہے، ہم نے سعودی حکومت سے درخواست کی تھی جس کے بعد حج اخراجات میں کچھ کمی آئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال شمالی ریجن کے لیےحج اخراجات 11 لاکھ 75 ہزارروپے جبکہ جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہوں گے۔