ٹویوٹا کا پاکستان میں اسمبل کی گئی ہائبرڈ کار متعارف کرانے کا اعلان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کی طرف سے اپنی پہلی مقامی سطح پر اسمبل کی گئی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑی رواں سال متعارف کرائی جائے گی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ٹویوٹا کمپنی کو 1ارب 33کروڑ 10لاکھ روپے منافع ہوا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران ہونے والے منافع سے 72فیصد کم تھا۔
رواں سال اس سہ ماہی کے دوران کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت بھی گزشتہ سال اس عرصے کی نسبت 52فیصد کم رہی۔کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی فروخت میں کمی سٹیٹ بینک آف پاکستانی کی طرف سے ’سی کے ڈی‘ (Completely Knocked Down)کٹس کی درآمد پر پابندی کے باعث ہوئی کیونکہ ان کٹس کی درآمد میں مشکل کے سبب گاڑیوں کی پیداوار متاثر ہوئی۔
کمپنی کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کا ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز اسمبلی پلانٹ تیاری کے مراحل میں ہے اور رواں سال اس پلانٹ سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔ اس پلانٹ کا زیادہ تر تعمیراتی اور مکینیکل کام مکمل ہو چکا ہے۔ اب کمپنی اس پلانٹ میں گاڑیوں کی اسمبلنگ کی تیاری کر رہی ہے۔