ایران میں عوامی مقام پر رقص کرنے پر 2 خواتین گرفتار
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران میں جشن نوروز کی خوشی میں رقص کرنے والی 2خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی۔
ایران کے سرکاری میڈیا کےمطابق گرفتاری دارالحکومت تہران میں عمل میں لائی گئی ہے۔ویڈیو دارالحکومت میں واقع مقام تجریش کی ہے جو نوجوانوں میں بہت مقبول ہے۔ اس مقام پر بنائی جانے والی ویڈیو میں 2 خواتین کو رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق تہران کے استغاثہ کی جانب سے دونوں خواتین کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے کہ خواتین نے تجریش میں ڈانس کر کے سماجی روایات کو توڑا ہے۔دونوں خواتین نے افسانوی کردار" حاجی فیروز" کی طرح سرخ لباس زیب تن کر رکھا تھا، حاجی فیروز کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ گانوں اور رقص سے نوروز کا استقبال کیا کرتے تھے۔نوروز کو پرشین نیو ایئر بھی کہا جاتا ہے جو 20 مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔
ایران میں رائج اسلامی قانون کے مطابق مخلوط یا اکیلی خاتون کے عوامی مقام پر ڈانس کی ممانعت ہے۔