سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ،لہسن 750روپے کلو تک جا پہنچا
لاہور (لیڈی رپورٹر)سرکاری ریٹ لسٹ میں 11 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے، پیاز 15 روپے مہنگا، درجہ اول پیاز کی قیمت 250 روپے کلو مقرر تاہم 300 روپے کلو تک فروخت جاری ہے، ٹماٹر بھی 15 روپے بڑھا کر سرکاری قیمت 145 روپے کلو مقرر تاہم 180 روپے فی کلو تک دستیاب ہیں۔ لہسن 595 روپے کے بجائے 750 روپے فی کلو تک بک رہے ہیں، اسی طرح موسمی سبزیوں میں کھیرا 8 روپے مہنگا، سرکاری ریٹ لسٹ میں قیمت 63 روپے مقرر ، مارکیٹ میں 90 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے، بند گوبھی 100 روپے ، پھول گوبھی 90 روپے ، شملہ مرچ 350 روپے فی کلو تک دستیاب ہے، اروی 200 روپے، مٹر 130 روپے اور گھیا کدو 220 روپے تک بکنے لگا۔ مارکیٹ میں درجہ اول سیب 400 روپے، ایرانی کھجور 620 روپے فی کلو اور درجہ اول کیلا 250 روپے فی درجن تک بکنے لگا۔انڈوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ جاری ہے، تین روپے مزید بڑھا کر 258 روپے فی درجن مقرر جبکہ برائلر گوشت 563 روپے فی کلو کی سطح پر برقرار ہے۔