نوجوانوں کو کتاب کی جانب مائل کرنا بہت ضروری،سکندر حیات
لاہور(فلم رپورٹر)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلہ کا دورہ کیا اور پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو کتاب میلہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف بک سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور سٹالز لگانے والے پبلشرز کی کاوشوں کو سراہا۔ رانا سکندر حیات نے شرکاء، پبلشرز اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میلہ کتب بینی کی دم توڑتی روایت کو زندہ رکھنے کی عمدہ کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کتاب کی جانب مائل رکھنے کیلئے ایسی کاوشوں کو بڑھانا اور کتب بینی کو فروغ دینا ہوگا۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے نظام کو بہتر کرنے کیلئے موثر منصوبے لا رہی ہے۔ سکولوں کی اپ گریڈیشن، تعلیمی اداروں میں لائبریریوں کی تعداد سمیت دیگر سہولیات میں اضافے اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھی خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے موجودہ دور میں بھی کتاب کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ تعلیمی ماڈلز کو ری ڈیزائن کر رہے ہیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں پر اس قدر توجہ دیں گے کہ میں ہمارے بچے بھی پڑھ سکیں جبکہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے بھی موثر پالیسیاں بنیں گی۔