رمضان سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں 30روپے فی کلو اضافہ
لاہور (لےڈی رپورٹر ) رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں 30روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں مجموعی طور پر 53روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 257روپے سے بڑھ کر 310 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ایسو سی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کوٹہ ہولڈرز اور امپورٹرز کے گٹھ جوڑ نے اوگرا نوٹیفیکیشن کے بغیر ایک ہفتے میں ایل پی جی کی قیمت میں دوسری بار 30روپے فی کلو گرام کا بلاجواز اضافہ کر دیا، وزیراعظم ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیں۔ سرکاری قیمت 257روپے فی کلو جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں 310روپے فی کلو اور پہاڑی علاقوں میں 360 روپے فروخت کی جانے لگی، گھریلو سلنڈرکی 3030روپے کے بجائے 3700روپے میں فروخت جاری ہے۔گیس مافیا کے سامنے اوگرا، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر اور دکاندار بے بس ہیں۔ ایل پی جی کے دو بڑے جہاز پاکستان پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان اور ایران کے بارڈر پروافر ایل پی جی موجود ہے۔ ملک بھر میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔
ایل پی جی