کراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا سروے مکمل کر لیا، ڈاکٹر عطاءا لرحمن
لاہور (ڈویلپمنٹ سیل) سعودی حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا سروے کامیابی سے مکمل کر لیا۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمن نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امسال کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے عازمین حج کی سعودی امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کی جائے گی۔ قوی امکان ہے کہ سعودی حکام کراچی ایئرپورٹ پر جدید ترین امیگریشن ٹیکنالوجی متعارف کروائیں گے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک منٹ سے کم وقت میں سعودی امیگریشن مکمل کی جا سکے گی۔ عازمین حج کے سامان کی ترسیل RFID ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل کی جائے گی۔ عازمین حج کے سامان پر آٹھ زونز کی بنیاد پر امتیازی رنگوں کے لیبل اور کوڈ لگائے جائیں گے۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے عازمین حج کا سامان براہ راست رہائش گاہوں پر پہنچایا جائے گا۔ سیکرٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ جدید نظام کے باعث عازمین حج کے سامان کی گمشدگی کی شکایات میں واضح کمی نظر آئے گی۔ سکھراور کوئٹہ کے عازمین حج کو کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ پشاور کے عازمین حج اسلام آباد ایئرپورٹ کے ذریعے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے فائدہ اٹھائیں گے۔ 60 فیصد سے زائد سرکاری عازمین حج امسال روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پرائیویٹ حج سکیم کے حجاج بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند پرائیویٹ حج گروپ آپریٹرز کو چاہئے کہ فی الفور وزارت کے متعلقہ حکام سے رابطہ کر یں۔ انہوں نے کراچی کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے پر پاکستان کا دورہ کرنے والے اعلیٰ سعودی حکام اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون اور خصوصی دلچسپی سے پاکستانی عازمین حج کو یہ منفرد سہولیات میسر آئیں گی۔