اعتماد،سفارت کاری کا کلیدی جزو ہے اور ہمیں اسے قائم رکھنا ہوگا:مسعود خان
واشنگٹن ڈی سی(این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیرمسعود خان نے کہا ہے کہ اعتماد، سفارت کاری کا کلیدی جزو ہے اورہمیں اسے قائم رکھنا ہوگا،سفیر مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار سفارت خانہ پاکستان میں دس فار ڈپلومیٹس تنظیم کے تعاون سے منعقدہ ایک ثقافتی تقریب کے دوران کیا جس خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں پاکستان کی ثقافت، روایتی ملبوسات، لذیذ کھانوں اور فن پاروں کی شاندار نمائش بھی کی گئی۔بعدازاںسفیر مسعود خان نے ایکس (ٹوئٹر)پر دس فار ڈپلومیٹس کے کردار کو سراہتے ہوئی اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ امن، سلامتی اور خوشحالی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا آپ یہاں ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مختلف اقوام کی نمائندگی کررہے ہیں اور دس فار ڈپلومیٹس نے ان غیر ملکیوں کو ایک خاندان میں تبدیل کردیا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے، سفیر مسعود خان نے شرکا ء کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں ۔ معزز مہمانوں میں مختلف ممالک کے سفارت کارخاص طور پر سپین، جرمنی، ملائیشیا؛ سوئٹزرلینڈ، عراق، فرانس؛ کینیڈا، مصر، کرغزستان، سنگاپور، ہنگری، جاپان، کوریا، برونائی، ازبکستان، چلی اور سری لنکا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، یورپی یونین، اور ورلڈ بینک سے منسلک شخصیات شامل تھیں۔
مسعود خان