نوکری کا جھانسہ دے کر بھارتیوں کو جنگ میں لڑائی کیلئے روس بھیجنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) نوکری کا جھانسہ دے کر بھارتیوں کو جنگ میں لڑائی کیلئے روس بھیجنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا اور بھارت نے کہا کہ اس نے انسانی سمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے جو نوجوانوں کو یوکرین کی جنگ میں لڑنے پر مجبور کرنے کے لیے نوکریوں کے وعدے کے ساتھ روس بھیجتا تھا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کہاکہ اس سکیم میں اب تک تقریباً 35 بھارتیوں کو روس بھیجا گیا ہے،قبل ازیں بھارتی وزارت خارجہ نے جو تعداد بتائی تھی یہ ان سے 20زیادہ ہیں۔کم از کم دو افراد جوفوج میں مددگار کے طور پر کام کرنے کے وعدےپر روس گئے تھے، ان کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ محاذ پر لڑتے ہوئے ہلاک ہو گئے ہیں۔
روس میں بھارتی سفارت خانے نے ان میں سے ایک کی موت کی تصدیق کی ہے۔سی بی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ متعدد بھارتی ریاستوں میں کام کرتے ہوئے سمگلروں نےسوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مقامی ایجنٹوں کے ذریعے لوگوں کو نشانہ بنایا۔