بلوچستان میں سانحہ، میجر سمیت چھ جوان شہید!

بلوچستان میں سانحہ، میجر سمیت چھ جوان شہید!

  

پاکستان اور ایران کی سرحد کے قریب ایک افسوسناک سانحہ میں ایف سی کے چھ جوان شہید ہو گئے، ان میں میجر ندیم عباس بھی شامل تھے۔ یہ حادثہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر کے قریب پیش آیا، جب ایف سی کی گاڑی دہشت گردی کی روک تھام کے لئے پٹرولنگ کے بعد واپس آ رہی تھی کہ دہشت گردوں کی بچھائی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ندیم عباس کے علاوہ شہید ہونے والوں میں نائیک جمشید،لانس نائیک تیمور اور خضر حیات کے علاوہ سپاہی ساجد اور ندیم شامل ہیں،ایک جوان زخمی بھی ہے۔ یوں یہ فرض پر جان نچھاور کر گئے، پاک فوج کے تمام شعبے اور سیکیورٹی فورسز سے تعلق رکھنے والے جانباز مسلسل وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ دہشت گردی کا بڑی حد تک خاتمہ کیا جا چکا ہے۔تاہم اب بھی ملک دشمن راکھ میں چنگاری کے مطابق سرگرم رہتے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں بھی واقعات ہوئے اور اب بلوچستان میں یہ سانحہ پیش آ گیا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب بھی یہ دہشت گرد موقع پا کر اپنی موجودگی ثابت کرتے رہتے ہیں، تاہم ملکی حفاظت کرنے والے یہ غازی اور شہید ہر دم چوکس رہتے اور کوئی بھی قربانی ان کو ان کے فرض سے نہیں ہٹا سکتی۔ دہشت گردی کی مذمت کے لئے الفاظ ناکافی ہیں، ہم ان بہادر نوجوانوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دُعا گو ہیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -